واقعہ کربلا اور شہادتِ امام حسین ؓ(۳)

Jul 16, 2024

خواجہ نورالزماں اویسی

امام عالی مقام امام حسین ؓ اور آپ کے ساتھیوں نے ساری رات عبادت اور اللہ تعالی سے دعا میں گزاری۔ صبح ہوئی تو آپ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ نماز فجر ادا کی یہ دس محرم اور جمعہ کا دن تھا۔ اس کے بعد آپ اپنی سواری پر سوار ہو کر یزیدی لشکر کی طرف چلے گئے اور ان سے خطاب فرمایا۔ 
آپ نے حمدو ثناءکے بعد دورد پاک پڑھا اور یزیدیوں سے کہا میرے نسب پر غور کرو دیکھو میں کون ہو ں۔ کیا میرا قتل کرنا اور میری آبرو ریزی کرنا تم پر جائز ہے ؟ کیا میں تمہارے نبی کا نواسہ نہیں ہوں؟کیا تم کو یہ اطلاع نہیں پہنچی کہ رسول کریمﷺ نے میرے اور میرے بھائی حسن ؓ کے حق میں فرمایا کہ تم دونوں جنت کے نوجوانوں کے سردار ہو۔ جو میں تم سے کہہ رہا ہوں اس کی تصدیق کرو۔ میں کبھی جھوٹ نہیں بولتا۔ لیکن آپ کے خطاب کا یزیدی لشکر پر کوئی اثر نہ ہوا۔ جب حر کو اس بات کا علم ہوا کہ یزید امام حسین ؓ کو شہید کرنے کا ارادہ کر چکا ہے تو آپ یزیدی لشکر سے الگ ہو کر امام حسین ؓ کے پاس تشریف لائے اور عرض کی میں ہی ہوں جس نے آپ کو واپس نہیں جانے دیا میں آپ سے معافی چاہتا ہو ں اور توبہ کرتا ہوں۔اور آپ کی خدمت میں حاضر ہو کر آپ کی مدد کرنا اور آپ پر جان قربان کرنا چاہتا ہوں۔ امام حسین ؓ نے فرمایااللہ تعالیٰ تمہاری توبہ قبول فرمائے اور لغزشوں کو معاف فرمائے۔ آپ نے حر کو معاف کر دیا۔ اسکے بعد حر نے جنگ میں شامل ہونے اور یزیدی لشکر کے سامنے جانے کی اجازت مانگی امام حسینؓ نے اجازت دی۔ حر نے کوفیوں کو مخاطب کر کے کہا افسوس ہے کہ تم خود امام حسینؓ کو بلا کر اب شہید کرنے کے لیے تیار بیٹھے ہو۔ تم نے ان پر پانی بند کر دیا ہے تم نے اہل بیت کے ساتھ کیسا سلوک کر رکھا ہے۔ کوفیوں نے جواب دینے کی بجائے تیر برسا دیے۔اس کے بعد عمرو بن سعد نے تیر چلایا اور کہنے لگا لوگو گواہ رہنا۔ سب سے پہلا تیر میں نے چلایا تھا۔ اس طرح جنگ شروع ہوئی امام عالی مقام امام حسین ؓ کے ساتھی بہادری کے ساتھ میدان میں اترتے اور کوفیوں کو قتل کرتے آگے بڑھتے گئے۔ اہل بیت میں سب سے پہلے حضرت علی اکبر ؓ میدان میں اترے اور بہادری کے ساتھ کوفیوں کا مقابلہ کرتے رہے ایک کوفی نے آپ کو نیزہ مارا جس سے آپ زمین پر آ گرے اور کوفیوں نے آپ کو شہید کر دیا۔ حضرت عباس ، عبید اللہ بن عمیر، عون بن عبدا للہ ، محمد بن عبداللہ،عبدالرحمن بن عقیل ، حضرت قاسم ،ابو بکر بن حسین سب کوفیوں کا مقابلہ کرتے شہید ہو گئے۔

مزیدخبریں