لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں یوم عاشور کل نہایت عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ تمام شہروں میں شبیہ ذوالجناح اور تعزئیے کے چھوٹے اور بڑے جلوس نکالے جائیں گے، مجالس عزا برپا ہونگی، عزادار ماتم اور زنجیر زنی کریں گے۔ لاہور میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے رات برآمد ہوگا جو اپنے قدیمی راستوں سے گزرتا ہوا بھاٹی چوک سے لوئر مال کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا جہاں شام غریباں کی مجالس برپا ہو گی۔ کل یوم عاشور کے روز امام بارگاہ ایوان حیدر نیاز بیگ، امام بارگاہ کرنل فدا حسین، جامع مسجد و مرکزی امام بارگاہ امامیہ کالونی، امام بارگاہ در پنجتن شباب چوک سمن آباد، حیدریہ مسجد شاہدرہ ٹاؤن سمیت شادمان قصر بتول، اسلام پورہ پانڈو سٹریٹ، وسن پورہ، مغلپورہ، دھرمپورہ، مصری شاہ، شاہدرہ، جوہر ٹاؤن، ٹیمپل روڈ، گلاب دیوی، جعفریہ کالونی، امامیہ کالونی سمیت دیگر علاقوں میں مجالس عزا بپا ہوں گی اور شبیہ ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوں گے۔ دوسری طرف پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آج سے 2 روز کیلئے موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل کی جائے گی۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب کے کسی شہر میں 9 اور 10 محرم کو موبائل فون سروس مکمل معطل نہیں کی جائے گی۔ موبائل فون سروس جلوس اور مجالس والے علاقوں میں معطل کرنے کی سفارش کی ہے۔ ترجمان کے مطابق 9 اور 10 محرم کو صبح 8 سے رات 10 بجے تک جزوی طور پر موبائل فون سروس بند رہے گی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت نے شہریوں کی حفاظت کے لیے مخصوص مقامات پر موبائل فون سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق لاہور، قصور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، سیالکوٹ، اٹک، جہلم اور چکوال میں سروس بند نہیں ہو گی۔ ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ اور چنیوٹ میں موبائل سروس بحال رہے گی۔ گوجرانوالہ، نارووال اور ٹوبہ ٹیک سنگھ، بھکر، منڈی بہاؤالدین، وزیر آباد، راجن پور، فیصل آباد، بہاولنگر اور حافظ آباد میں جزوی طور پر موبائل سروس بند ہو گی۔ راولپنڈی میں 28 مقامات، رحیم یار خان 15، میانوالی اور بہاولپور میں 11 پر موبائل سروس معطل رہے گی۔ لیہ میں 10، مظفرگڑھ 7 اور ننکانہ صاحب میں 6 مقامات پر موبائل سروس بند رہے گی۔ ان علاقوں میں موبائل سروس کی بندش نویں اور دسویں محرم الحرام کو ہو گی۔