اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف سے 3 روز میں تیسری بار ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق مری میں ہونے والی ان ملاقاتوں میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تحریک انصاف پر پابندی اور دیگر اقدامات پر عمل درآمدکی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم نے نوازشریف کو آصف زرداری اور دیگر اتحادیوں سے رابطوں اور مشاورت سے آگاہ کیا جبکہ چھانگلہ گلی مری کی رہائش گاہ پر ہونے والی مشاورت میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شامل تھیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے شہباز شریف کو تمام قانونی، آئینی اور سیاسی آپشن استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔ ذرائع کے مطابق مشاورتی عمل میں کیے تمام فیصلوں سے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو بھی اعتماد میں لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محرم کے بعد وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی بلایا جائے گا اور پارلیمنٹ کے اجلاس بھی شیڈول سے قبل بلانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کے لئے جدید ہنر و پیشہ ورانہ تعلیم میں سرمایہ کاری کیلئے پرعزم ہے، نوجوانوں کو ہر شعبہ زندگی میں ترقی اور باوقار روزگار کیلئے جدید ہنر و پیشہ ورانہ تربیت یقینی بنائیں گے۔ عالمی یومِ ہنر برائے نوجواناں کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہمارے باصلاحیت نوجوان ہیں۔ پاکستان کے مستقبل کو روشن کرنے کیلئے نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ترقی یافتہ قومیں اپنے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے میں سرمایہ کاری کرتی ہیں۔ حکومت اپنے نوجوانوں کو جدید تعلیم، یکساں ترقی کے مواقع کے ساتھ ساتھ دنیا سے مقابلہ کرنے کیلئے جدید پیشہ ورانہ تربیت سے آراستہ کر رہی ہے۔ ایکس پر ٹویٹ میں شہباز شریف نے کے پی شرما کو نیپال کی وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے نومنتخب وزیر اعظم کے ساتھ مل کر کام کرنے کے متمنی ہیں۔ شہباز شریف نے امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کی بطور نائب صدر تعیناتی پر ان کو مبارکباد دی ہے۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے د بئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن راشد المکتوم کو امارات کا نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع تعینات ہونے پر بھی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔