مجالس جلوسوں کی مانیٹرنگ جاری‘ امید ہے محرم خیریت سے گزرے گا:سلمان رفیق

لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اورمحرم الحرام کے حوالہ سے مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا صوبہ بھر کی مجالس و جلوسوں کی24گھنٹے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔  نویں اور دسویں محرم کی مجالس و جلوسوں کیلئے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔   امید ہے کہ محرم الحرام خیریت سے گزرے گا۔بعدازاں خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے کنٹرول روم کا دورہ کر کے صوبہ بھر میں بارشوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ڈی جی  عرفان علی کاٹھیا نے  بریفنگ میںبتایاکہ رواں ماہ مکانات‘ خستہ عمارتوں اور آسمانی بجلی گرنے سے 24 قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔ چیئرمین ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ  پی ڈی ایم اے  سوگوار خاندانوں کی مالی معاونت یقینی بنائے۔  انہوں نے کہا کوہ سلیمان کے پہاڑوں میں بارشوں سے رود کوہیوں میں سیلابی صورتحال بن سکتی ہے۔ متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے وسائل بروئے کار لائیں گے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر صحت نے فتح گڑھ کی یوسی 143 میں قائم فیلڈ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اورسٹاف سے طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔ مریضوں نے  طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

ای پیپر دی نیشن