لاہور (نیوز رپورٹر)صدر پیپلز لائرز فورم سنٹرل پنجاب راحیل کامران چیمہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کسی بھی سیاسی جماعت کو جمہوریت اور استحکام کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی لگانے سے گریز کرے۔ راحیل کامران چیمہ نے کہا ملک پہلے ہی شدید معاشی اور سیاسی عدم استحکام سے دوچار ہے۔ اس طرح کے اقدام سے سیاسی انتشار بڑھے گا اور معاشی ترقی میں مزید رکاوٹ پیدا ہوگی۔انہوں نے کہا موجودہ اندرونی تقسیم کے پیش نظر یہ معاشی اور سیاسی انتشار پورے جمہوری نظام کو غیر مستحکم کر سکتا ہے ۔حکومت کو اندرونی دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے رجحانات سے نمٹنے کو ترجیح دینی چاہیے جس کی وجہ سے مسلح افواج، سیکورٹی فورسز، پولیس اور عام شہریوں پر حملے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا اگر حکومت فل کورٹ کے فیصلے سے مطمئن نہیں ہے تو آئینی راستہ اختیار کرے۔