لاہور (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار) 9 مئی کو تھانہ شادمان جلانے کے مقدمے میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد‘ عمر سرفراز چیمہ‘ اعجاز چودھری سمیت 9 ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کوٹ لکھپت جیل لاہور میں 9 مئی کو تھانہ شادمان جلانے کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں فاضل جج خالد ارشد نے ملزموں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری سمیت 9 ملزموں پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کر لیا۔ عدالت نے ملزموں پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے کیس کی سماعت 18 جولائی تک ملتوی کر دی۔ قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو سخت سکیورٹی میں 9 مئی سے متعلق مقدمات کی سماعت کے سلسلے میں کوٹ لکھپت جیل پہنچایا گیا تھا اور دیگر ملزم عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزموں کو انسداد دہشت گردی عدالت نے فرد جرم کی کارروائی کے لیے طلب کر رکھا تھا۔ شاہ محمود قریشی و دیگر پر تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات ہیں۔
شاہ محمود عمر چیمہ یاسمین راشد ، اعجاز چودھری سمیت 9ملزموں پر فرد جرم عائد
Jul 16, 2024