راولپنڈی (آئی این پی ) راولپنڈی کی انسداد بدعنوانی عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف نجی ہاسنگ سوسائٹی سے رشوت وصولی کے کیس کا چالان طلب کرلیا۔ راولپنڈی کی اینٹی کرپشن عدالت میں فواد چوہدری کے خلاف کیس کی سماعت جج علی نواز بکھر نے کی، فواد چوہدری اپنے وکیل فیصل چوہدری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے اینٹی کرپشن حکام کو آئندہ سماعت پر کیس کا چالان پیش کرنے کی ہدایت کردی، اس کے علاوہ عدالت نے فواد چوہدری کو حاضری کے بعد جانے کی اجازت دے دی۔ دوسری جانب 9 مئی کو راحت بیکری کے باہر جلا وگھیرا وکے مقدمے میں فواد چوہدری لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ان کے وکیل نے عبوری ضمانت میں ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کردی۔