کرپشن پر سزائے موت کا قانون بنا کر عملدرآمد کرایا جائے: اختر ڈار

Jul 16, 2024

شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں مینڈیٹ چوری کرکے بانی پی ٹی آئی کو وزیر اعظم بنایاگیا جو ایک حقیقت ہے۔ عدالتوں کو مقبولیت دیکھنے کی بجائے آئین و قانون کے مطابق فیصلے کرنے چاہئیں۔ مخصوص نشستوں کا فیصلہ پنچایتی اخلاقی و سیاسی طور پر درست تھا مگر آئینی قانونی طور پر یہ فیصلہ ہمیشہ متنازعہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی گرفتاری پر اپنے ورکروں کو قومی اور فوجی تنصیبات پر حملے کیلئے اکسایا۔ 9مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کو کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ توشہ خانہ میں جس شخص نے بھی تحائف حاصل کیے ان کو بلاتفریق کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت کو درست کرنے کیلئے کرپشن کی سزا موت کو قانون بنا کر عملدرآمد کروایا جائے اس میں ہی پاکستان کی بقا مضمر ہے۔

مزیدخبریں