واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) قاتلانہ حملے میں بال بال بچنے والے امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں خدا اور قسمت نے نہ بچایا ہوتا تو وہ مرچکے ہوتے۔ اپنے ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ زبردست کام یہ ہوا کہ انہوں نے سر کو ٹھیک وقت پر بالکل ٹھیک حرکت دی۔ اگر انہوں نے اپنے سر کو بروقت حرکت نہ دی ہوتی تو وہ مر چکے ہوتے۔ زخمی ڈونلڈ ٹرمپ ریپبلکن نیشنل کنونشن میں شرکت کیلئے امریکی ریاست وسکونسن کے شہر ملواکی پہنچ گئے جہاں پارٹی کی جانب سے ٹرمپ کو باضابطہ امریکی صدارتی امیدوار نامزد کیا جائے گا۔ ریپبلکنز 15 سے 18 جولائی تک ملواکی میں ہونے والے ریپبلکن نیشنل کنونشن میں ڈونلڈ ٹرمپ کو پارٹی کے صاضابطہ صدارتی امیدوار کے طور پر نامزد کرنے کیلئے تیار ہیں۔ حکام کے مطابق اس کنونشن میں تقریباً پچاس ہزار افراد کی شرکت موقع ہے۔ تاہم ٹرمپ پر حملے کے بعد اس تعداد میں سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے کمی آ سکتی ہے لیکن کنونشن کے مقام پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ کنونشن میں 2400 ریپبلکن نمائندے شرکت کریں گے جو باضابطہ طور پر پارٹی کے صدارتی امیدوار اور نائب صدارتی امیدوار کی نامزدگی کا اعلان کریں گے۔ علاوہ ازیں دنیا بھر سے ہزاروں صحافی اس کنونشن کی کوریج کیلئے موجود ہوں گے۔امریکی عدالت نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف خفیہ دستاویزات کیس خارج کر دیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق فلوریڈا کی عدالت کے جج نے فیصلہ دیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق ایک بار پھر صدارتی انتخابات کی دوڑ میں شامل ٹرمپ کی یہ بڑی کامیابی ہے۔ ایسے وقت میں جب وہ ایک روز قبل ہی قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے ہیں۔ عدالت نے ٹرمپ کے خلاف کیس ماورائے قانون سپیشل پراسیکیوٹر کی تعیناتی کی بنیاد پر خارج کیا۔ خیال رہے کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ پر وائٹ ہاؤس چھوڑتے وقت خفیہ قومی دفاعی دستاویزات غیر قانونی طور پر اپنے ساتھ لے جانے کا الزام تھا۔ اگست 2023ء میں ایف بی آئی نے ٹرمپ کی رہائش گاہ سے تقریباً 100 خفیہ دستاویزات برآمدکی تھیں۔ ٹرمپ نے ردعمل میں کہا خوشی ہوئی‘ امید ہے دیگر مقدمات پر بھی اس کا اثر پڑے گا۔ ڈیموکریٹس حکومت نے محکمہ انصاف کی معاونت سے مجھ پر سیاسی وار کئے۔ عدالتی نظام بطور ہتھیار استعمال کرنے کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے سینیٹر جے ڈی وینس کو نائب صدارتی امیدوار بنا لیا۔ریپبلکن پارٹی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی امیدوار نامزد کر دیا ہے۔