حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی کمشنر سندس ارشاد نے کہا ہے کہ 9اور10محرم الحرام کو ضلع بھر میں 63جلوس نکالے جائینگے جن میں 7جلوس حساس اے کیٹگری کے شامل ہیں ۔ جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے انتہائی فول پرو ف انتظامات کیے گئے ہیں ۔جلوسوں کی گزر گاہوں پر 120سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں ۔ ڈی سی آفس ، ڈی پی او آفس اور سٹی پولیس اسٹیشن میں تین کنٹرول روم بھی قائم کیے گئے ہیں۔9اور10محرم الحرام کو ضلع بھر میں موٹر سائیکل ڈبل سواری پر بھی پابندی ہو گی جبکہ امن و امان کے قیام کے سلسلہ میں ضلع بھر میں دفعہ 144بھی نافذ کی گئی ہے ۔آج 9محرم الحرام کے دوران تحصیل حافظ آباد اور تحصیل پنڈی بھٹیاں میں بارہ بارہ جلوس نکالے جائینگے جبکہ کل 10محرم یوم عاشور کے موقع پر تحصیل حافظ آباد میں 14جبکہ تحصیل پنڈی بھٹیاں میں 12جلوس نکالے جائینگے ۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ جلوسوںاور مجالس کی سکیورٹی ، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کو ہر لحا ظ سے مکمل کیا گیا ہے ۔ضلعی انتظامیہ ، میونسپل کمیٹیوں ، پولیس ، سول ڈیفنس ، ریسکیو 1122، محکمہ صحت اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کی جانب سے افسران اور اہلکاروں کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں ۔ریسکیو 1122اور محکمہ صحت کی جانب سے جلوسوں کے اہم مقامات پر میڈیکل کیمپ بھی لگائے جائینگے ۔