ملک بھر میں 9 محرم کے جلوس، سخت سکیورٹی انتظامات، موبائل سروس جزوی بند

Jul 16, 2024 | 16:59

ویب ڈیسک

ملک بھر میں 9 محرم کے جلوس مختلف شہروں سے برآمد ہوئے، اس موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے، موبائل سروس جزوی بند ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آ باد لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ملک بھر میں 9 ویں محرم الحرام کے موقع پر چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس نکالے گئے۔عزاداروں کی جانب سے نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کی گئی.اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں.سکیورٹی خدشات کے پیش نظر مختلف شہروں میں جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل ہے.جلوس کے راستوں پر عزاداروں کے لئے سبیلوں اور لنگر حسینی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

لاہور میں 9 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہو ا جلوس کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں. علاقے میں واک تھرو گیٹس لگا دیئے گئے جبکہ خار دار تاریں، کنٹینر اور بیریئر لگا کر جلوس کی آمد گاہ اور راستے کو سیل کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں 9 ویں محرم کا جلوس امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس سے برآمد ہوا،جلوس روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے امام بارگاہ اثنا عشری میں ہی اختتام پذیر ہو گا. جلوس کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس میں شامل ہونے کیلئے واک تھرو گیٹس لگائے گئے، مختلف مقامات پر جلوس کی گزرگاہ کے اطراف کے راستوں کو سیل کردیا گیا ہے۔

کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس دن ڈیڑھ بجے نشتر پارک سے برآمد ہو گا۔ دوپہر 12 بجے کے بعد نشتر پارک میں مرکزی مجلس ہو گی اور مجلس کے بعد جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو گا۔ ٹریفک پولیس کراچی کے مطابق ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے. شہریوں کیلئے کوریڈور تھری، سولجر بازار، کشمیر روڈ، پیپلز چورنگی اور شارع قائدین کے متبادل راستے کھولے گئے ہیں. جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کے راستوں میں موبائل فونز سگنل بھی بند، جلوس کی سکیورٹی پر 7 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

پشاور میں مجموعی طور پر 18 ماتمی جلوس پہلا جلوس صدر امام بارگاہ حسینیہ ہال سے صبح 10 بجے جبکہ دوسرا جلوس امام بارگاہ قمربنی ہاشم علی کالونی سٹی سے 3 بجے برآمد ہو گا، جلوس کیلئے شہر بھر میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں، مجموعی طور پر 14 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے، صدر اور اندرون شہر مکمل طور پر سیل کر دیا گیا جبکہ موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل ہے۔

کوئٹہ میں 9 ویں محرم الحرام کی مرکزی جلوس کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ، جلوس کے دوران امام بارگاہ جانیوالے راستوں کو سیل کر دیا گیا،ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس چھوٹے اور بڑوں شہروں سے برآمد ہو رہے ہیں جبکہ مجالس منعقد اور نوحہ خانی کی جارہی ہے۔ جلوس کے راستوں پر سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی مطلوبہ منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو جائیں گے۔

مزیدخبریں