مون سون ہوائیں آج سندھ میں داخل ہوں گی

Jul 16, 2024 | 17:29

ویب ڈیسک

گرمی سے ستائے کراچی اور سندھ کے عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ مون سون ہوائیں آج صوبے میں داخل ہوکر بارش کا سبب بن سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی ہوائیں آج سے سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے. جس سے اگلے چار روز تک کراچی سمیت صوبے کے کئی شہروں میں بارش کا امکان ہے۔پیشگوئی میں کہا گیا ہے کہ شہر قائد میں 18 جولائی تک موسم گرم اور مرطوب رہے گا .تاہم کراچی کے مضافاتی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس دوران کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری تک جا سکتا ہے تاہم ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد تک ہونے کی وجہ سے گرمی زیادہ محسوس ہوگی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 21 جولائی تک تھرپار، عمر کوٹ اور دیگر شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ سانگھڑ، جیکب آباد اور سکھر میں بھی 18 اور 19 جولائی کے دوران بارش کا امکان ہے۔بلوچستان کے شمال اور مشرقی علاقوں میں 17 سے 19 جولائی کے دوران بارش ہونے کا امکان ہے۔

دریں اثنا محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ پنجاب میں 17 سے 20 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا میں 16 سے 21 جولائی، بلوچستان میں 17 سے 19 جولائی، کشمیر میں 16 سے 21 جولائی اور گلگت بلتستان میں 17 سے 21 جولائی تک بارش کا امکان ہے۔

مزیدخبریں