صوبہ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہا ہے کہ آرٹیکل 6 کے سب سے زیادہ مستحق شریف خاندان اور چیف الیکشن کمشنر ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی اور بانی پی ٹی آئی سمیت سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی، قاسم سوری پر آرٹیکل 6 لگانے کے فیصلے کے اعلان پر کے پی کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے دوٹوک ردعمل دیا ہے۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ غداری کے مرتکب دوسروں پر مقدمات چلانے کی بات کر رہے ہیں۔ ملک میں آرٹیکل 6 لگانے کے سب سے زیادہ مستحق شریف خاندان اور چیف الیکشن کمشنر ہیں۔ سپریم کورٹ فیصلے کے بعد اہم کردار چیف الیکشن کمشنر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو جس طرح سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں پر سبکی ہوئی۔ اسی طرح اسے اب پی ٹی آئی پر پابندی اور آرٹیکل 6 کے معاملے پر پھر بھی منہ کی کھانی پڑے گی۔وزیر اطلاعات کے پی کا مزید کہنا تھا کہ آرٹیکل 6 اور پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ، حقیقت میں ن لیگ کے اندرونی خلفشار کا نتیجہ ہے کیونکہ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم کا کیمپ شہباز شریف کی حکومت ختم کرنا چاہتے ہیں اور موجودہ فیصلے میں بھی نواز شریف اور مریم نواز کی چھاپ واضح نظر آتی ہے۔
آرٹیکل 6 کے سب سے زیادہ مستحق شریف خاندان اور چیف الیکشن کمشنر ہیں: مشیر اطلاعات
Jul 16, 2024 | 17:38