پیپلز پارٹی کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کی کبھی حمایت نہیں کرتی: مراد علی شاہ

Jul 16, 2024 | 20:49

ویب ڈیسک

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کی کبھی حمایت نہیں کرتی۔روہڑی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ثابت کرنا ہوگا کہ وہ ایک سیاسی جماعت ہے۔ پی ٹی آئی اپنے کرتوتوں کی خود ذمہ دار ہے، کوئی سیاسی جماعت ڈائیلاگ سے انکاری نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت اپنے ہی اداروں کے خلاف مہم برپا نہیں کرتی، سیاست میں غلیظ زبان کا استعمال پی ٹی آئی ہی کی دین ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں ہماری مدد درکار ہے تو پہلے انہیں خود کو ایک سیاسی جماعت ثابت کرنا ہوگا، پی ٹی آئی کو جمہوری سیاسی کردار ادا کرنا ہوگا بصورت دیگر یہ مشکل میں رہے گی۔ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیس پر کافی پریشر ڈالا گیا ہے اور امید ہے کہ بچی کو جلد سے جلد بازیاب کیا جائے گا. چیئرمین بلاول صاحب نے بھی جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری پر بہت زور دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ جیسے جیسے حالات ہمارے کنٹرول میں آ تے جائیں گے ہم جان محمد مہر کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دیں گے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ شکار پور سے10 دنوں کے اندر 8 مغویوں کو بازیاب کیا جاچکا ہے۔

مزیدخبریں