فٹبال عالمی کپ میں برازیل نے شمالی کوریا کوشکست دے دی، آئیوری کوسٹ اور پرتگال کے درمیان میچ بغیر کسی گول جبکہ نیوزی لینڈ اور سلواکیہ کا میچ ایک،ایک گول سے برابر رہا۔

Jun 16, 2010 | 17:49

سفیر یاؤ جنگ
جنوبی افریقہ افریقہ میں جاری انیس ویں عالمی فٹبال کپ کے گروپ جی میں کھیلے گئے میچ میں برازیل نے شمالی کوریا کو ایک کے مقابلے میں دو گولز سے شکست دے کر اپنے گروپ کی ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمایا۔ جوہانسبرگ کے ایلیز پارک سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا اور ہاف ٹائم کے اختتام تک کوئی بھی ٹیم گول نہ بناسکی۔
 
دوسرے ہاف میں برازیل نے جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور پچپن ویں منٹ میں برازیل کے مائیکون ڈگلس نے گیند کو مخالف ٹیم کے جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ بہترویں منٹ میں برازیل کے ایلانو نے دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا۔ شمالی کوریا کے جی یون نام نے کھیل کے آخری لمحات میں اپنی ٹیم کی جانب سے واحد گول سکور کیا۔
 
ٹورنامنٹ کے گروپ جی میں آئیوری کوسٹ اور پرتگال کے درمیان کھیلا گیا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر مسلسل حملے کئے تاہم کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں ناکام رہی۔
 
ادھر گروپ ایف میں نیوزی لینڈ اور سلواکیہ کے درمیان کھیلا گیا سنسنی خیز میچ بھی ایک،ایک گول سے برابر رہا۔ پچاس ویں منٹ میں سلواکیہ کے روبرٹ ویٹک نے گیند کو جال کی راہ دکھا دی۔ نیوزی لینڈ کے ونسٹن ریڈ نے انجری ٹائم میں گول کرکے مقابلہ ایک،ایک گول سے برابر کردیا۔
مزیدخبریں