لاہور سمیت کئی شہروں میں موسلا دھار بارش‘ چھتیں‘ دیواریں منہدم‘ 20 افراد جاں بحق

لاہور (سٹاف رپورٹر+ خبرنگار+ نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کے باعث چھتیں، دیواریں گرنے سے 20 افراد جاں بحق، 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ کئی علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم فیڈر ٹرپ کرگئے جبکہ نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں جمعہ کی رات سے شروع ہونیوالا موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے ہفتہ کی صبح تک جاری رہا۔ اس دوران لکشمی چوک، شملہ پہاڑی، پنجاب اسمبلی کے سامنے ایجرٹن روڈ، گڑھی شاہو، بی بی پاک دامن، شاہراہ فاطمہ جناح، ایک موریہ، دو موریہ پل، قرطبہ چوک، شمع چوک، ریلوے سٹیشن سمیت اکثر علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا جس میں پھنس کر لوگوں کی گاڑیاں، موٹر سائیکلیں بند ہوتی رہیں۔ بارش کا پانی لوگوں کے گھروں اور گوداموں میں داخل ہوگیا۔ اس دوران بجلی کے 48 فیڈر ٹرپ کر جانے سے ٹھوکر نیاز بیگ، رائیونڈ روڈ، نواب ٹاﺅن، مصری شاہ، اقبال ٹاﺅن، سمن آباد، پاکستان منٹ، داروغہ والا سمیت کئی علاقوں میں 12گھنٹے بجلی بند رہی جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تیز ہوائیں چلنے سے سائن بورڈ اور درخت گرگئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں گذشتہ روز 102ملی میٹر بارش ہوئی۔ دریں اثناءشدید بارش کے دوران چونگی امرسدھو کی گلشن کالونی میں نیازی چوک کے قریب گھر کی چھت گرنے سے 45 سالہ عباس، اسکی بیٹی 4 سالہ ارم، 6 سالہ بیٹا وسیم جاں بحق اور دیگر 2 بچے شدید زخمی ہوگئے۔ شادباغ میں اظہر کے گھر کی چھت گرنے سے اسکا بیٹا عارف، باغبانپورہ میں چھت گرنے سے ارشد، غازی روڈ پر ایک گھر کی چھت منہدم ہونے سے ایک خاندان کے 4 افراد جن میں 3خواتین شامل ہیں جاں بحق، فیکٹری ایریا کے علاقے منور آباد میں خوشی محمد کا مکان گرنے سے 25 سالہ اقرا، 50 سالہ پروین، 22 سالہ عصمت اور 6 ماہ کا حسنین جاں بحق جبکہ 4 شدید زخمی ہو گئے۔ گجر پورہ میں مکان کی چھت منہدم ہونے سے ایک پٹھان چوکیدار ہلاک اسکا بھائی زخمی ہو گیا۔ امین سوسائٹی ڈیفنس کے علاقے میں گھر کی چھت گرنے سے خاتون ممتاز بی بی اور اسکی 2بیٹیاں جاں بحق ہو گئیں۔ ادھر کماہاں روڈ پر گھر کی چھت گرنے سے زخمی ہونے والے 4افراد میں سے ایک گذشتہ روز دم توڑ گیا اس طرح اس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 4 ہو گئی اسی طرح ٹھوکر بائی پاس کے قریب چھت گرنے سے 4 افراد، شاہ پور کانجراں میں مکہ ٹاور کی چھت گرنے سے 3 افراد، شاہ جمال چوک فیروزپور پر چھت گرنے سے 3افراد شدید زخمی ہو گئے۔ اسی طرح ہنجروال کے علاقے ٹھوکرنیاز بیگ میں بارش کے دوران ایک ٹرک سے دوسرے ٹرک میں ٹائلیں لوڈ کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے دو ڈرائیور اشرف سکنہ رحیم یار خان اور خورشید عالم سکنہ ہری پور دم توڑ گئے۔ علاوہ ازیں نشتر کالونی میں موٹر سائیکل پر خاوند کے ساتھ جاتے ہوئے بارش، تیز ہواﺅں کے باعث سائن بورڈ گرنے سے اقبال بی بی جاں بحق ہو گئی۔ ادھر ڈی سی او لاہور نسیم صادق، ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ، ایم ڈی واسا جاوید اقبال نے بارش کا جمع پانی نکلوانے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ دریں اثناءساہیوال کے قریب گاﺅں گجروالی میں بارش کے باعث کچا گھر منہدم ہونے سے 3افراد ہلاک اور 3زخمی۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق چک 12ایل 87میں چھت گرنے سے 8سالہ جمشید جاں بحق اسکا والد رمضان اور بھائی شدید زخمی ہو گیا۔ ننکانہ صاحب اور واربرٹن سے نامہ نگاروں کے مطابق موضع فتح دریا کی خواتین شہناز، سونیا اور فاطمہ گلی سے گزرتے ہوئے دیوار گرنے سے شدید زخمی ہو گئیں، شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق لاہور سرگودھا روڈ پر کروڑوں روپے سے نالوں کی تعمیر اور انکی صفائی نہ ہونے کے باوجود موسلادھار بارش کے بعد ریگل چوک، لمبی گلی، کرشن نگر، عالمگیر روڈ، نور الامین کالونی، کمپنی باغ سمیت متعدد علاقوں میں 5فٹ تک پانی کھڑا ہو گیا، پانی تاجروں کے گوداموں میں داخل ہونے سے لاکھوں کا سامان خراب ہو گیا جبکہ بجلی اور ٹیلی فون کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق بارش اور تیز آندھی کے دوران دیواریں، چھتیں اور درخت گرنے سے 2افراد زخمی ہو گئے۔ گھاٹ روڈ، چوک شیرربانی روڈ، تحصیل گراﺅنڈ سمیت اکثر جگہوں پر کئی کئی فٹ پانی کھڑا رہا۔ دریں اثناءمحکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت بالائی نپجاب سندھ کے درمیانی اور جنوب مشرقی حصوں سکھر، میرپور خاص، حیدر آباد اورکراچی ڈویژن میں اور لاڑکانہ ڈویژن کے محدود مقامات پر بارش کی توقع ہے۔ گذشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں 72ملی میٹر، بھکر میں 60، گڑھی ڈوپٹہ میں 42، راولا کوٹ میں 37، سیدو شریف میں 31، بنوں میں 26، بالا کوٹ میں 23، مظفر آباد میں 21، ژوب میں 20، بہاولنگر میں 16، مری میں 12، دروش میں 11، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 10، 5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران لاہور، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے بالائی علاقوں کشمیر سمیت اکثر مقامات پر بارش کی توقع ہے۔

ای پیپر دی نیشن