آسٹریلیا نے ہالینڈ کو شکست دے کر ہاکی ورلڈ کپ جیت لیا

Jun 16, 2014

ہیگ ( سپورٹس ڈیسک +اے پی پی) آسٹریلیا نے مینز ہاکی ورلڈ کپ کا کامیابی سے دفاع کر لیا، فیصلہ کن معرکے میں آسٹریلیا نے میزبان ہالینڈ کو ایک کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دی اور مسلسل دوسری بار عالمی کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا، فاتح ٹیم کی جانب سے کرس سیریلو نے شاندار ہیٹ ٹرک کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، آسٹریلوی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں ارجنٹائن نے انگلینڈ کو 2-0 سے شکست دے دی۔   گزشتہ روز ہالینڈ کے شہر ہیگ میں کھیلے گئے مینز ہاکی ورلڈ کپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے میزبان ٹیم ہالینڈ کو آئوٹ کلاس کر دیا اور میچ6-1 سے جیت کر مسلسل دوسرا اور مجموعی طور پر تیسرا ورلڈ کپ جیت لیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے کرس سیریلو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور تین گول سکور کرکے اپنی ٹیم کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 20 ویں، 47 ویں اور 53 ویں منٹ میں گول سکور کئے۔ کیرن گاورز، گلین ٹرنر اور جمی ڈوئر نے ایک ایک گول کیا۔ ہالینڈ کی جانب سے واحد گول جیرن ہرٹزبرگر نے سکور کیا۔ اس سے قبل کھیلے گئے تیسری اور چوتھی پوزیشن کے میچ میں ارجنٹائن نے انگلینڈ کو 2-0 سے شکست دے دی۔ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا، دوسرے ہاف کے 55 ویں اور 56 ویں منٹ میں ارجنٹائن کے میٹلس پریڈیس نے یکے بعد دیگرے دو گول کرکے اپنی ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلا دی جو آخر تک قائم رہی۔ پانچویں اور چھٹی پوزیشن کے میچ میں بیلجیئم نے جرمنی کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔ بیلجیئم کی جانب سے ٹام بون، ٹینگوئے ، فلورینٹ وان اور سیباسٹین ڈوکلر نے گول سکور کئے۔ ساتویں اور آٹھویں پوزیشن کے میچ میں نیوزی لینڈ نے شوٹ آئوٹ پر سپین کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی۔

مزیدخبریں