اسلام آباد (آن لائن) پاکستان نے علاقائی تجارت کے فروغ کے لئے افغانستان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ میںترمیم کا معاملہ افغانستان، پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ کوآرڈینیشن کونسل کے آئندہ اجلاس اٹھانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ جس میں ترکی کی طرف سے پاکستان کوگْل ٹرین کے ذریعے سامان کی ترسیل کے لئے تفتان کو افغانستان،پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ میں نامزد داخلی پوائنٹ کے طور پر شامل کرنے کے لئے دی جانیوالی تجویزپر غور ہوگا۔ وزارت تجارت کے حکام کا کہنا ہے کہ اگر افغانستان اے پی ٹی ٹی اے میں ترمیم کرنے پر آمادہ ہوگیا اور تفتان کو اے پی ٹی ٹی اے میں نامزد داخلی پوائنٹ کے طور پر شامل کرلیا گیا تو یہ ایک بہت بڑا اور تاریخی بریک تھرو ہوگا۔اس سے نہ صرف پاکستان کی برآمدات کو فروغ ملے گا بلکہ پاکستان کے راستے بذریعہ ٹرین کارگو کی ترسیل سے پاکستان کو کثیر زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔