شیخ رشید کو گرفتار کرنا میرا کام نہیں، ایسا ہوا تو جیل میں انکی خاطر تواضع ہو گی : صو بائی وزیر جیل خانہ جات

ملتان (نمائندہ نوائے وقت+ جنرل رپورٹر) صو بائی وزیر جیل خانہ جات پنجاب چوہدری عبدالوحید ارائیں نے کہا ہے کہ بجٹ میں جنوبی پنجاب کے لئے تاریخ کا سب سے زیادہ 36فیصد حصہ رکھا گیا ہے اور اس علاقے کا احساس محرومی ختم کر نے کے لئے وسائل کا رُخ جنوبی پنجاب کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی بجٹ میں جنوبی پنجاب کے لئے میڈیکل کالجز، یونیورسٹیوں، امراض قلب کے شعبہ جات ،آبپاشی، سڑکوں کی تعمیر، واٹر سپلائی، سیوریج ، بجلی و توانائی کے شعبوں کی ترقی کے لئے خطیر رقم رکھی گئی ہے۔ 32کلو میٹر پنجاب کی تاریخ کے طویل ترین میٹرو بس سروس سے شہریوں کا معیار زندگی بلند ہو گا۔ لاہور میٹرو بس سروس کو مد نظر رکھ کر ملتان میٹرو بس سروس کے روٹس کو خوبصورت ترین بنایا جائیگا۔ ملتان بگ سٹی کے حوالے سے صو بائی وزیر نے کہا کہ یہ وزیر اعلی پنجاب کا وعدہ تھا جسے پورا کر دیا گیا ہے اور اگلے ہفتے اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا جائیگا۔  پی ٹی آئی کے رہنما جاوید ہاشمی کے الزامات بارے انہوں نے کہا کہ ان کا قبضہ مافیا سے کوئی تعلق نہ ہے اور وہ کسی کی ایک انچ زمین پر قابض نہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی سچ اور حقائق سے منہ نہ موڑیں۔ جاوید ہاشمی آئیں معززین اور صحافیوں پر مشتمل ٹیم سے انکوائری کرائی جائے اگر ان پر کسی زمین کا قبضہ ثابت ہو جائے تو فوری مستعفی ہو جائینگے، بصورت دیگر تحریک انصاف کے قائد عمران خان بھی اپنے لیڈر کے خلاف کارروائی کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شیخ رشید احمد  گرفتار نہیں ہو گا لیکن اگر انہیں گرفتار کیا جاتا ہے تو جیل میں ان کی بہتر خاطر تواضع ہو گی۔ شیخ رشید کو گرفتار کرنا میرا کام نہیں۔
وزیر جیل خانہ جات

ای پیپر دی نیشن