قومی ٹیم جیت کیلئے پرعزم: پاکستان‘ سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ کل گال میں شروع ہو گا

Jun 16, 2015

گالے(آئی این پی)پاکستان اور سری لنکا کے مابین 3ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ کل بد ھ سے شروع ہو گا‘ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق 10 سال بعد آئی لینڈرز کی سرزمین پر فتح کے لئے پرعزم ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کل بدھ کو گالے کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں نے میچ سے قبل گالے کرکٹ سٹیڈیم میں سخت پریکٹس جاری رکھی ہوئی ہے۔ قومی ٹیم ہیڈ کوچ وقار یونس کی زیر نگرانی بیٹنگ‘ بائولنگ اور فیلڈنگ کے علاوہ فزیکل ٹریننگ بھی کرائی جارہی ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق دس سال بعد سری لنکن سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے کے لئے پرعزم ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم 10سال سے سری لنکا میں کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیت سکی۔ 15رکنی اسکواڈ میں کپتان مصباح الحق،نائب اظہر علی، محمد حفیظ، احمد شہزاد، شان مسعود، ذوالفقار بابر، وہاب ریاض، جنید خان، عمران خان، احسان عادل، یاسر شاہ ، یونس خان، اسد شفیق، سرفرازاحمد اور حارث سہیل شامل ہیں ۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین اب تک 48ٹیسٹ کھیلے گئے۔ان میں سے گرین کیپس نے 17میں فتح حاصل کی،13میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 18ڈرا ہوگئے،قومی ٹیم کا آئی لینڈ میں حالیہ ریکارڈ زیادہ اچھا نہیں ہے،اس نے آخری بار2005-6میں2میچز کی سیریز میں میزبان ٹیم کو 1-0سے مات دی تھی۔ سیریز کا دوسرا میچ 25 سے 29جون تک کولمبو میں ہوگا جبکہ ٹیسٹ سیریز کا آخری اورمیچ 3جولائی سے 7جولائی تک پالے کیلی میں کھیلا جائے گا۔ پہلا ایک روزہ میچ 11 جولائی کو دمبولا میں ‘ دوسرا ایک روزہ میچ 15جولائی کو پالے کیلی میں ‘ تیسرا ایک روزہ میچ 19جولائی کو کولمبو‘ چوتھا ایک روزہ میچ 22جولائی کو کولمبو میں ہی کھیلا جائے گا۔ جبکہ پانچواں ایک روزہ میچ 26جولائی کو ہمنٹوٹا میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 30جولائی اور یکم اگست کوکھیلے جائینگے۔

مزیدخبریں