اسلام آباد (آن لائن)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اسلام آباد پہنچ گئے۔ وہ کل یہاں ہونیوالے پارٹی کے سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرینگے۔ وفاقی دارالحکومت پہنچنے پر مقامی عہدیداروں نے انکا استقبال کیا۔ اس موقع پر بختاور بھٹو بھی انکے ہمراہ تھیں۔ ذرائع کے مطابق شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری الگ پرواز سے آئینگے۔ بلاول بھٹو زرداری 16 جون کو فاٹا سے پیپلز پارٹی کے منتخب عہدیداروں سے حلف لیں گے۔ اس سلسلے میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمرزمان کائرہ کا کہنا ہے کہ سی ای سی کے اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال ، بلدیاتی الیکشن اور بلاول بھٹو زرداری کو قومی اسمبلی کا رکن بنانے کے حوالے سے غور کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے سے متعلق حتمی لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور ذوالفقار مرزا کی صلح کے بارے میں مجھے کوئی علم نہیں۔ اجلاس کی صدارت بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔ جبکہ شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری سمیت سی ای سی کے ممبران شرکت کریں گے۔ اجلاس میں پارٹی کی تنظیم سازی سے متعلق بھی غور کیا جائے گا۔
پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس کل ہو گا،بلاول بھٹو اسلام آباد پہنچ گئے
Jun 16, 2015