لاہور (خصوصی رپورٹر) (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے تمام کریڈٹ کی مستحق ہماری مسلح افواج ہیں۔ جوانوں اور افسروں نے اپنی قیمتی جانوں تک کی عظیم قربانی پیش کر کے مادرِوطن کو اندرونی شورش سے محفوظ رکھنے کیلئے ایسی مثال قائم کی ہے جس پر پاکستانی قوم تااَبد اُنکی ممنون و محسون رہے گی اور ان پر فخر کریگی۔ ضرب عضب کے ایک سال کی کامیاب تکمیل پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مادرِوطن کے ان سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ انہوں نے جس عظیم مقصد کیلئے اپنا آج قربان کیا ہر شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے لوگ اس عظیم مقصد کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں۔