لاہور(وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد حمید ڈار نے شہری سے نوے لاکھ روپے ہتھیانے پر ایڈیشنل آئی جی سندھ خادم حسین بھٹی کے خلاف ایف آئی اے میں زیر التواء درخواست پر کارروائی نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست میں ڈی جی ایف آئی اے کو فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایڈیشنل آئی جی سندھ خادم حسین بھٹی نے اپنے بیٹے کو بیرون ملک تعلیم دلانے کے لئے ان کے موکل سے نوے لاکھ روپے کا قرض حاصل کیا۔ ایڈیشنل آئی جی سندھ قرض کی رقم واپس کرنے کی بجائے درخواست گزار کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی سندھ کے خلاف درخواست گزار نے ایف آئی اے سے رجوع کر رکھا ہے مگر اس کے باوجود ایف آئی اے کی جانب سے ان کی درخواست پر فیصلہ نہیں کیا جا رہا۔