کراچی( ہیلتھ رپورٹر)کمیونٹی موبلائزیشن پروگرام (سی ایم پی) اور محکمہ صحت، حکومت سندھ کے درمیان معاہدے پر دستحط کئے گئے۔ اس معاہدے کے تحت سندھ کے سات شمالی اضلاع اور کراچی کے پانچ ٹاونز میں پانچ سے نو سال تک کی عمر کے غذائی قلت کا شکار بچوں کے لیے ایک پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ اس ضمن میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں یو ایس ایڈ کی ڈپٹی مشن ڈائریکٹر ڈینیس ہربول، سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر فاضل اللہ پیچوہو اور سیکرٹری تعلیم عبدالعزیز عقیلی نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈینیس ہربول نے کہا، "بچوں کی صحت اور غذائیت کو بہتر بنانے میں تعلیم اہم کردار ادا کرتی ہے. ہم سب اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ سندھ کے متاثرہ بچوں میں خاص طور پر غذائیت سے متعلق معاملات کو حل کرنے کے لئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔"سندھ کمیونٹی موبلائزیشن پروگرام امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے تحت سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کا حصہ ہے۔ اور یہ حکومت سندھ کے شعبہ تعلیم اور محکمہ صحت کے درمیان باہمی اشتراک کیلئے رابطے کا کردار ادا کررہا ہے تاکہ غذائیت جیسے مسئلے سے نمٹا جاسکے۔ اس کے علاوہ سی ایم پی بچوں کی اسکریننگ کرتا ہے اور بہتر غذائیت کے فوائد کے حوالے سے والدین کو ا?گاہی بھی پیدا کرتا ہے۔غذائیت کی کمی بچوں کی سیکھنے کی صلاحیتوں پر اثرانداز ہوتی ہے۔ سندھ میں 2001ءکے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں صورتحال نہایت خراب ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت اور سیکرٹری تعلیم نے سندھ میں غذائیت کے حوالے سے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔