اسلام آباد (آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی، مالی کمپنیوں میں فراڈ، بینک نادہندگان اور سرکاری فنڈز میں خوردبرد کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوںپر نمٹاتا ہے، نیب پاکستان میں اقوام متحدہ کے انسداد بدعنوانی کے کنونشن پر عملدآمد کیلئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پلڈاٹ کے صدر احمد بلال محبوب سے نیب ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب پلڈاٹ جیسے اداروں کے ساتھ روابط کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے کیونکہ ان اداروں کی پیشہ وارانہ اہلیت شاندار ہے، ایسے معتبر اداروں کے ساتھ روابط سے کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، نیب ہر قسم کی بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے، نیب نے اقوام متحدہ کے بدعنوانی کے خلاف کنونشن (یو این سی اے سی) پر دستخط کئے ہیں اور نیب پاکستان میں مذکورہ کنونشن پر عملدرآمد کا فوکل ادارہ ہے، نیب کے آپریشن ڈویژن نے یو این سی اے سی پر پاکستان میں عملدرآمد پر تفصیلی بریفنگ دی ہے، پاکستان نے 2003ءمیں کنونشن پر دستخط کئے اور 2007ءمیں اس کی توثیق کی اور 154 دیگر ملکوں کے ساتھ اس کا حصہ بن گیا، یو این سی اے سی کی توثیق کے بعد پاکستان بدعنوانی کی روک تھام کیلئے بین الاقوامی تعاون کے طریقہ کار سے مو¿ثر فائدہ اٹھا سکتا ہے اور غیر مملک میں بدعنوان عناصر کے چھپائے گئے اثاثوں کی مو¿ثر وصولی یقینی بنا سکتا ہے۔ یو این سی اے سی کے تحت یو این او ڈی سی ممالک کے انٹرنیشنل اور ٹرانزیشنل کرپشن کے امور سمیت ٹیکنیکل معاونت، معلومات کی تیزی سے فراہمی اور اثاثوں کی وصولی کیلئے باہمی تعاون اور شراکت میں اضافہ کیلئے قانونی حکمت عملی تیز بنانے کیلئے کنٹری ریویوز کرتا ہے۔ نیب کو 2015ءکے مقابلہ میں 2017ءکے اس عرصہ کے دوران دوگنا شکایات، انکوائریاں اور انوسٹی گیشن موصول ہوئی ہیں، گذشتہ تین سال کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیب کے تمام شعبے بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں اور وہ بدعنوانی کے خلاف جنگ کو قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں۔ نیب مالی کمپنیوں، بینک فراڈز، بینک قرض نادہندگان، اختیارات کے ناجائز استعمال اور سرکاری افسران کی جانب سے سرکاری فنڈز میں خورد برد کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹاتا ہے۔ صدر پلڈاٹ احمد بلال محبوب نے ملک سے بدعنوانی کی روک تھام کیلئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی قیادت میں نیب کی کوششوں کی تعریف کی اور یو این سی اے سی، متفقہ سی آر آر کنٹری ریویو پروگرام کے تحت پاکستان کی ایگزیکٹو سمری پر تفصیلی بریفنگ دینے پر شکریہ ادا کیا۔
چیئرمین نیب
اقوام متحدہ کے انسداد بدعنوانی کے کنونشن پر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہیں: چیئرمین نیب
Jun 16, 2017