اسلام آباد(صباح نیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے 75 ارب روپے سے زائد مالیت کے واجبات وصول کرنے کے لیے ٹیکس جمع نہ کرانے والی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈیسکوز)کے بینک اکاونٹس منجمد کرنے کی منظوری ادے دی، ماتحت ادارے ڈیسکوز کے بینک اکاﺅنٹس منجمد کرکے ٹیکس وصول کرنے کے لیے رقم نکلواسکیں گے ایف بی آر ذرائع نے بتایا کہ وزارت پانی و بجلی کی مداخلت پر ایف بی آر نے تمام ماتحت اداروں کیلیے ٹیکس واجبات کی عدم ادائیگی پر ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشن کی منظوری کے بغیر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں(ڈیسکوز)، نیشنل ٹرانسیمشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی)اور سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹی لمیٹڈ(سی پی پی اے جی) کے بینک اکانٹس منجمد کرنے پر پابندی عائد کردی تھی ایف بی آر نے ملک بھر میں قائم 18 سے زائد ریجنل ٹیکس آفسز(آر ٹی اوز)، کارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفسز (سی آر ٹی اوز) اور لارج ٹیکس پیئرز یونٹس کے چیف کمشنرز کو تحریری طور پر ہدایات بھجوا رکھی تھیں۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے یہ پابندی ایف بی آر اوروزارت پانی و بجلی کے درمیان پاور سیکٹر سے 75 ارب روپے سے زائد مالیت کے ٹیکس واجبات مذاکرات کے ذریعے وصول کے فیصلے کے تحت عائد کی گئی تھی جس میں وزارت پانی و بجلی نے ایف بی آر کو یقین دہانی کرائی کہ مذکورہ کمپنیوں کی طرف سے ٹیکس واجبات کی ادائیگی میں ایف بی آر کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا یہ ادارے ایف بی آر کو شکایات کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی ریجنل ٹیکس آفسز نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز سے رجوع کیا بتایا کہ متعدد بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں تعاون نہیں کررہیں اور ان کے ذمے اربوں روپے کے ٹیکس واجبات ہیں مگر وہ جمع نہیں کرا رہی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت پانی و بجلی کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں یہ طے ہوا تھا کہ ان میں سے کوئی ادارہ ٹیکس ڈیمانڈ کے واجبات مذاکرات کے ذریعے ادا کرنے کیلیے تیار نہیں ہوتا ٹیکس اتھارٹیز کو ٹیکس ریونیو ریکور کرنے کیلئے ان کے بینک اکانٹس منجمد کرنے کی ضرورت پڑتی ہے تو اس کی منظوری کیلیے ایف بی آر کے متعلقہ ریجنل ٹیکس آفسز (آر ٹی اوز)، کارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفسز(سی آر ٹی اوز)اور لارج ٹیکس پیئرز یونٹس کے چیف کمشنر کو ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز سے رجوع کرنا ہو گااور ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشن کی منظوری کے بعد مذکورہ کمپنیوں کے بینک اکا ونٹس منجمد کیے جا سکیں گے، اسی فیصلے کے تحت ریجنل ٹیکس آفسز اور ایل ٹی یوزکی جانب سے ڈیسکوز و دیگر اداروں کے بینک اکاونٹس منجمد کرکے ٹیکس ریکوری کی اجازت کیلیے ایف بی آر ہیڈ کوارٹر سے رجوع کیا گیا ۔واضح رہے کہ ٹیکس واجبات ادا نہ کرنے والی ڈیسکوز و اداروں کے چندروز میں اکاونٹس منجمد کرنا شروع کر دیے جائیں گے۔
اکاونٹس منجمد