تلخیاں اپنی جگہ، پاکستان کیساتھ ہمسائیگی سے انکار نہیں کیا جاسکتا، امن کو ترجیح دینا ہوگی: سشما سوراج

نئی دہلی (آن لائن) بھارتی وزیر خارجہ سشماسوراج نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت پڑوسی ہیں اور ہمسائے کو بدلا نہیں جا سکتا لہذا مشترکہ طور پر دونوں ممالک کو کشیدگی کے بجائے امن کو ترجیح دینا ہو گی ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سشماسوراج نے پاکستانی بیمار بچے کو بھارت آنے کی اجازت دینے کو خیر سگالی انسانی جذبے سے تعبیر کیا ۔ انہوں نے کہا پاکستان اور بھارت کے درمیان تلخیاں اپنی جگہ لیکن ہمسائیگی سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا حالیہ دنوں مذاکرات کی بھرپور کوشش کی گئی تاہم مذاکرات کے لئے ماحول ناسازگار ہے جس کے لئے پاکستان کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی ۔ انہوں نے کہاجب تک سرحد پار دراندازی ہوتی رہے گی امن مذاکرات نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا عالمی فورموں میں مسئلہ کشمیر اٹھانے کی پاکستان کو اب عادت ہو گئی ہے حالانکہ بھارت پہلے ہی یہ واضح کرچکا ہے مسئلہ کشمیر پر تیسرے فریق کی ثالثی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

ای پیپر دی نیشن