کراچی (اسپورٹس رپورٹر)عالمی کپ فٹبال 2018 کے دوسرے روز گروپ اے کے ایک دلچسپ مقابلے میں دوبار کی عالمی چیمپیئن یورو گوائے نے مصر کو شکست دی۔ دوسری جانب گروپ بی کے پہلے میچ میں مراکش کو مسلم برادر ملک ایران نے انجری ٹائم میں اوون گول کی بدولت صفر ایک گول سے شکست دیکر عالمی کپ کی تاریخ میں اپنی دوسری فتح حاصل کی۔ورلڈ کپ 2018 کے دوسرے میچ میں یوراگوئے نے محمد صلاح کی خدمات سے محروم مصر کی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-0 سے شکست دے کر ایونٹ کا کامیابی سے آغاز کیا۔روس کے شہر ایکٹرن برگ کے ارینا میں کھیلے گئے گروپ اے کے دوسرے میچ میں ریوراگوئے کی ٹیم مصر کے مدمقابل تھی جسے اپنے سب سے بڑے اسٹار محمد صلاح کی خدمات حاصل نہیں تھیں۔محمد صلاح گزشتہ ماہ چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں کندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور اسی وجہ سے ایونٹ میں اپنی ٹیم کے افتتاحی میچ میں شرکت نہ کر سکے۔ یوراگوئے نے میچ کے پہلے ہاف میں برتری حاصل کرنے کی کافی کوشش کی لیکن 8 کھلاڑیوں پر مشتمل مصر کے دفاع نے انہیں پہلے ہاف میں گول کرنے سے باز رکھا جس کے سبب وہ برتری نہ لے سکے۔دوسرے ہاف میں بھی یوراگوئے کی ٹیم مجموعی طور پر چھائی ہوئی نظر آئی البتہ مصر کی ٹیم کو بھی چند مواقع ملے جس سے وہ فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔مصر کی ٹیم دوسرے ہاف میں بھی اپنی دفاعی حکمت عملی کافی حد تک کامیاب رہی لیکن میچ کے 89 منٹ میں یوراگوئے کو ایک فری کک ملی جس پر جوز جمنیز نے کراس پر ہیڈز کے ذریعے گول کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں فیصلہ کن برتری دلا دی۔اس کے بعد میچ کے اضافی 5 منٹ میں مصر کی ٹیم کوشش کے باوجود بھی مقابلہ برابر کرنے میں ناکام رہی اور یوراگوئے نے فتح حاصل کر کے قیمتی 3پوائنٹس حاصل کر لیے۔ابتدائی 20 منٹ تک مصر کی ٹیم کا پلہ بھاری رہا۔ تاہم تجربہ کار اسٹرائیکر کی خدمات سے محروم مصری ٹیم ملنے والے مواقعوںسے فائدہ اٹھا نہ سکی۔ بعدازاں یوروگوائے نے کھیل پر کنٹرول حاصل کرلیا۔دوسری جانب گروپ بی کے سلسلے میں دو برادر مسلم ممالک ایران اور مراکش آمنے سامنے تھے۔ میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے محتاط انداز اختیار کیا جس کی وجہ سے پہلے ہاف میں کوئی گول نمودار نہیں ہوا دوسرے ہاف میں سپرفٹ افریقی ٹیم مراکش نے ایران کو دبائو میں ڈالتے ہوئے پسپائی پر مجبور کیا تاہم انجری ٹائم میں ایران کے ایک حملے کو روکنے کی کوشش میں مراکش کے دفاعی کھلاڑی عزیز بائیوڈو نے ہیڈر کے ذریعے گیند اپنے ہی نیٹ میںداخل کردی۔ اس طرح اس اوون گول کی بدولت ایران نے فتح حاصل کی۔ واضع رہے کہ اس سے قبل پہلی بار 1998 کے ایک میچ میں ایران نے یو ایس اے کو شکست دیکر عالمی کپ کے سلسلے میں اپنا پہلا میچ جیتا تھا۔ایران اب اگلا میچ اسپین کے خلاف کھیلے گا جبکہ اس کا آخری مقابلہ پرتگال سے ہوگا۔