اسلامی تعلیمات پر عمل کر کے ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے : صدر ممنون‘ روداری پیدا کی جائے : نگران وزیراعظم

Jun 16, 2018

اسلام آباد (اے پی پی+ صباح نیوز+ این این آئی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اسلام کی حقیقی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرتی ناہمواریوں کو دور اور وطن عزیز کو امن، سلامتی اور خوشیوں کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بات عیدالفطر کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ عیدالفطر شکرانے اور خوشی کا عظیم دن ہے۔ اس دن کی آمد پر میں پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے اہل اسلام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں دست بہ دعا ہوں کہ اﷲ تعالیٰ نیکیوں کے موسم بہار یعنی رمضان المبارک میں کی جانے والی عبادات سے ملنے والی تربیت کے ذریعے آج کے دن کی برکت سے وطن عزیز کو امن و سلامتی اور ترقی کا گہوارہ بنا دے اور ہمارے مسائل حل فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک تربیت اور تیاری کا مہینہ ہے، اس ماہ مبارک میں حاصل ہونے والی تربیت اور تزکیہ نفس ہمیں سکھاتا ہے کہ سال کے باقی ایام بلکہ آئندہ معاملات زندگی کو کیسے چلانا ہے، ان مقدس ایام میں زبان، آنکھ اور ہاتھ پاﺅں کی عبادت کے جس غیر معمولی تصور کی ہمیں تربیت ملتی ہے اس کا تعلق زندگی کے تمام معاملات اور تمام پہلوﺅں سے ہے لیکن حسن اتفاق سے آئندہ چند ماہ کے دوران ان کی اہمیت بہت ہی زیادہ ہے۔ میرا اشارہ انتخابی عمل کی طرف ہے، ایسی کیفیت میں سیاسی مہم جوئی اور آگے بڑھنے کی خواہش کے پیش نظر انسان سے انفرادی اور اجتماعی طور پر بہت سی ایسی لغزشیں سرزد ہو جاتی ہیں جو عبادت کے اس تصور کے منافی ہیں جس سے دلوں میں میل پیدا ہوتی اور کدورتیں بڑھتی جاتی ہیں، اس لئے میں سیاسی کارکنوں، متعلقہ سٹیک ہولڈرز بلکہ پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ رمضان المبارک میں حاصل ہونے والی اس تربیت کو نہ صرف زمانہ انتخاب بلکہ آئندہ زندگی کے ہر مرحلہ پر جزو زندگی بنا لیں تاکہ وطن عزیز کو امن، سلامتی اور خوشیوں کا گہوارہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس ماہ مقدس میں تزکیہ نفس کے روحانی تجربات سے عملی طور پر گزرنے سے ہمیں معاشرے کے کمزور طبقات کی مشکلات کا اندازہ ہوتا ہے، ان سے ہمدردی کے جذبات پروان چڑھتے ہیں اور ہم دل کھول کر ان کی مدد کیلئے اپنا ہاتھ آگے بڑھاتے ہیں۔ اس موقع پر ہم اپنی مالی عبادات یعنی زکوة، فطر اور دیگر صدقات حقداروں تک پہنچا کر انہیں عید کی خوشیوں میں شامل کر سکتے ہیں، یہی اسلام اور رمضان کی اصل تعلیمات ہیں جن پر عمل کرکے ہم معاشرتی ناہمواریوں کو کم اور زندگی کو جینے کے قابل بنا سکتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ ان مبارک ساعتوں میں رب کعبہ کے حضور دعاگو ہوں کہ وہ وطن عزیز کو امن و ترقی کا گہوارہ بنائے اور ہمیں ہمیشہ اپنی نعمتوں سے نوازتا رہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عید کے پر مسرت موقع پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ اس موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ وہ اس خوشی کے موقع پر اپنے ہم وطن بزرگوں، بھائیوں، بہنوں اور بچوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عید کے اس موقع پر خدا کا شکر ادا کرنا چاہیے جس نے ہمیں ماہ صیام میں روزہ رکھنے، عبادت کرنے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط اسلامی فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لیے معاشرتی نا انصافیوں کے خاتمے اور ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے عیدالفطر پر اہل اسلام کو بالعموم اور پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں رمضان المبارک کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا، دینی اور دنیاوی کامیابی کےلئے یہ ضروری ہے کہ ہم پورا سال اسی جذبہ اور اسی طرزِ عمل کا مظاہرہ کریں تاکہ ہم اپنی زندگیوں کو اسلام کی تعلیمات کے مطابق صحیح معنوں میں ڈھال سکیں۔ آج کے دن عید کی خوشیاں مناتے ہوئے اس بات کا دھیان رکھنا بھی ضروری ہے کہ ہم اپنے عزیز و اقارب، پڑوسیوں اور اردگرد بسنے والے ضرورت مند بہن بھائیوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں، یہی ہمارے مذہب کی تعلیمات ہیں اور ہمارے معاشرے کا وصف ہے۔ آئیے آج کے دن اپنے غیر مسلم بھائیوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کریں اور اپنے معاشرے میں رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی پیدا کریں۔ آج کے دن ہمیں ان فرزندانِ وطن کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے مادرِ وطن کی حفاظت اور اسے اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنے کےلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ وطن عزیز کو اپنی حفظ وامان میں رکھے اور پاکستان کو امن اورترقی و خوشحال کا گہوارہ بنائے۔ نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علا¶الدین مری نے تمام اہل وطن کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی عبادات میں ملکی استحکام، ترقی، خوشحالی اور امن کے لئے خصوصی دعاﺅں کا اہتمام کریں اور اس مبارک دن کے موقع پر غربائ، مساکین اور لاچار لوگوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔ اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور اسلام دشمن قوتیں ہمارے ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں لہٰذا موجودہ صورتحال کا تقاضہ ہے کہ اپنے گروہی اور لسانی اختلافات کو بھلا کراسلام اور پاکستان دشمن عناصر کے مقابلے میں اتحادواتفاق کے ساتھ ایک ہوجائیں اور انتہا پسندی، شرانگیزی اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئیں آج کے دن ہم اپنے ان سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں قربانیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کریں جنہوں نے مادر وطن کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے مبارک موقع پر ہر پاکستانی کو عوام اور پاکستان کی سچی خدمت کرنے والوں کو ووٹ دینے کا عہد کرنا چاہئے تاکہ 1947ءکے مبارک ماہ صیام میں جن اعلیٰ مقاصد کیلئے یہ پاک وطن حاصل کیا گیا تھا ان کی تکمیل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے اجتماعات میں اللہ کریم کے حضور گڑگڑا کر پاکستان کی سلامتی، خوشحالی، ترقی اور اندرونی و بیرونی دشمنوں کی سازشوں سے محفوظ رکھنے اور مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر بحرانوں کے خاتمہ کی دعائیں کی جائیں، ہمیں چاہئے کہ اس تہوار پر ہم پاکستان کیلئے جانیں قربان کرنے والے تمام شہداءکے خاندانوں کو یاد رکھیں اور غریبوں و مسکیوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔ مسلم لیگی قائدین نے مزید کہا کہ ملکی وحدت، سلامتی اور نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کیلئے پاکستانیت کا جذبہ رکھنے والوں کے اتحاد کی بہت زیادہ ضرورت ہے، ہمارے بزرگوں کی قربانیوں اور جدوجہد کا یہی تقاضا ہے کہ ہم ایک ایسا پاکستان بنائیں جو ہ صرف تمام اسلامی ملکوں بلکہ پوری دنیا کیلئے نمونہ ثابت ہو۔
پیغامات

مزیدخبریں