اسلام آباد (اے پی پی) امریکی ماہرین نے ایک سروے کے بعد انکشاف کیا ہے کہ دہی کا باقاعدہ استعمال بلڈ پریشر اور دل کے امراض سے بچاتا ہے۔ نرسز ہیلتھ اسٹڈی کی جانب سے کی گئی اسٹڈی سے معلوم ہوا ہے کہ ہائی بلڈ پریشر فالج اور امراضِ قلب کی بڑی وجہ ہے، اسی بنا پر اس کیفیت کو خاموش قاتل کہا جاتا ہے۔ اس وقت دنیا بھر میں ایک ارب آبادی ہائی بلڈ پریشر کی شکار ہے تاہم دہی کا استعمال اس مرض کو قابو میں رکھتا ہے اور یوں دل کے متعدد امراض کا خطرہ بھی ٹل جاتا ہے۔ اس اسٹڈیز میں 30 سے 35 برس کی 55 ہزار ایسی خواتین کو شامل کیا گیا جنہیں بلند فشارِ خون کا عارضہ لاحق تھا جبکہ ساتھ ہی 40 سے 75 سال کے 18 ہزار مردوں کو بھی شامل کیا گیا اور کئی سال تک ان ہزاروں مرد و زن کا جائزہ لیا گیا۔ 1980ء سے شروع کئے گئے سروے میں شرکاء سے مختلف وقفوں میں 61 سوالات کئے گئے۔ اس دوران شرکاء سے فالج، دل کے امراض اور دیگرکیفیات کے بارے میں بھی پوچھا گیا۔ ان میں سے جنہوں نے دہی کا باقاعدہ استعمال کیا تھا ان میں دل کے دورے کا خطرہ 30 فیصد تک کم دیکھا گیا جبکہ خواتین میں یہ شرح 19 فیصد تھی۔ اس سروے کے دوران 3 ہزار 300 خواتین اور 2 ہزار 148 مردوںکو دل، قلبی رگوں یا فالج وغیرہ کا حملہ ہوا۔
دہی کا باقاعدہ استعمال بلڈ پریشر اورامراضِ قلب سے بچانے میں مددگار‘ ماہرین
Jun 16, 2018