لاہور (اپنے نامہ نگارسے) سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منظور احمد ملک کی زیرصدارت انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کی کارکردگی کیلئے جائزہ اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے جن کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات پر لمبی تاریخیں نہ دینے اور مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جائزہ اجلاس میں جنوبی پنجاب سمیت صوبے بھر کی انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے ججوں، اعلیٰ پولیس حکام اور صوبے بھر کے آر پی ایز نے شرکت کی۔ فیصلہ کیا گیا کہ مقدمات کی سماعت میں تاخیر کی صورت میں ججوں کو وجوہات دینا ہوں گی۔ تمام جج دہشت گردی کے مقدمات میں اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کے احکامات جاری کریں گے اور پولیس کو کارکردگی کو بہتر بنانے کے احکامات جاری کریں گے۔ انسداد دہشت گردی کے مقدمات کے چالان بروقت ٹرائل کورٹ میں پیش کرنے پر بھی زور دیا گیا اور پرانے مقدمات میں لمبی تاریخیں نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار شمیم خان نے خصوصی شرکت کی۔
انسداد دہشتگردی عدالتوں میں پرانے مقدمات کی روزانہ سماعت کا فیصلہ
Jun 16, 2019