استنبول (این این آئی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سرکاری دورے پر لندنگئے ۔ ہفتہ کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے لندن روانگی سے قبل استنبول ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ لندن میں میری دو طرفہ ملاقاتیں ہیں ۔ میری برطانیہ کے وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ اور ہوم سیکریٹری ساجد جاوید سے ملاقات ہو گی،اس کے علاؤہ،ڈیلفٹ ،جس نے پنجاب اور خیبر پی کے میں صحت اور تعلیم کے شعبے میں بہت کام کیا ہے ان کے منسٹر انچارج کے ساتھ بھی ملاقات طے ہے،اس کے ساتھ ساتھ برطانوی پارلیمنٹرینز سے بھی ملاقاتیں ہوں گی ،برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کرونگا، کل پاکستان اور بھارت کے مابین میچ بھی طے ہے میری خواہش ہے کہ میں وہاں بھی جاؤں اور پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کروں۔