اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ سیاسی قیادت کی گرفتاریوں نے کٹھ پتلی حکومت کو بے نقاب کر دیا ہے۔ عمران خان ذہن نشین کر لے کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے حکومتیں مضبوط نہیں ہوتیں۔ ایک بیان میں ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور کو گرفتار نہیں یرغمال کر دیا گیا ہے مگر پیپلزپارٹی کو نیب کے ذریعے بلیک میل نہیں کیا جا سکتا۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ آصف علی زرداری کا پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنا پارلیمنٹ کو مضبوط آواز سے محروم رکھنے کی سازش ہے۔ عمران خان جمہوریت اور اسد قیصر قومی اسمبلی کو بے توقیر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی گرفتاریوں کے ساتھ ساتھ عوام پر مہنگائی کی کارپٹ بمباری ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فردوس عاشق اور شیخ رشید کی کوئی وقعت نہیں۔ وہ اپنے آقائوں کو خوش کرکے نوکری پکی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پیپلزپارٹی کو نیب کے ذریعے بلیک میل نہیں کیا جا سکتا، نفیسہ شاہ
Jun 16, 2019