صدر آزادجموں کشمیرنے نجی شعبے میں قائم پہلے کینسر ہسپتال کا افتتاح کردیا

راولاکوٹ(صباح نیوز) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے آزادکشمیر میں نجی شعبے میں قائم پہلے کینسر ہسپتال کا افتتاح کردیا اس موقع پر انھوں نے پونچھ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ بیماریوں اور سماجی برائیوں کے خلاف اسی جذبے سے جہاد شروع کریں ۔جس جذبے سے ان کی آباؤ اجداد نے 1947میں یہ خطہ اغیار کی غلامی سے آزاد کرا یا تھا۔ راولاکوٹ کے نواحی گائوں بھیک میں سردار لطیف میموریل ٹیلی میڈیسن کینسر انسٹی ٹیوٹ کا باقاعدہ افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد آزادکشمیر کے عوام نے بہت ترقی کی ہے اور آج یہاں گائوں گائوں میں سڑکوں کا جال بچھا ہوا ہے، بے شمار تعلیمی ادارے قائم ہیں اور لوگوں کا مجموعی طور پر معیار زندگی بلند ہے لیکن خوشحالی اور ترقی کے ساتھ ساتھ تن آسانی کے کلچر نے ہمیں نئی نئی بیماریاں بھی دی ہیں۔ جن میں سرطان، دل کی بیماریاں، ذیا بیطس ، معدے اور جگر کی بیماریاں شامل ہیں۔ جو ہمارے طرز زندگی اور بگڑتی ہوئی ماحولیاتی صورتحال کا برائے راست نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نئے ہسپتال قائم کرنے کے ساتھ ساتھ ہم اپنی روز مرہ کی زندگی اور خوراک پر توجہ دیں جس کی وجہ سے مہلک بیماریاں ہمارے معاشرے میں وبا کی طرح پھیل رہی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن