اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، ایجنسیاں) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو سڑکوں پر آنا ہوتا تو آچکی ہوتی ان کے پاس اپنے گھر پر چائے پلانے کو بندے نہیں احتجاج کیلئے کہاں سے لائیں گے۔ شہبازشریف کی تقریر خود اپوزیشن والے سننے کو تیار نہ تھے زرداری کے پروڈکشن آرڈر پر قانون کے مطابق فیصلہ ہوگا۔ سارے ڈاکو جیلوں میں ہیں اب ان سے ریکوری ہوگی حکومت کو شو کرنا ہوگا کہ وہ صحیح راستے پر ہے ۔ شہبازشریف کے خطاب کے موقع پر ایوان چلانا صرف ہماری نہیں اپوزیشن کی بھی ذمہ داری ہے، جب بھی وزیراعظم ایوان میں آتے ہیں ایوان مچھلی منڈی بن جاتا ہے۔عمران خان کے آنے پر یہ لوگ بدتمیزیاں کرتے ہیں ، ایوان کو ریگولیٹ کرنا چاہیے، ایک تقریر ہم کریں، ایک وہ کریں۔علاوہ ازیں فواد چودھری نے پاکستان بھارت میچ کا ٹکٹ لینے کے باوجود انگلینڈ نہ جانے کا فیصلہ کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست پر بہت دکھ ہوا اب اگر بھارت سے ہارے تو معاملہ اور زیادہ خراب ہوجائے گا۔