بھاشا ڈیم سائٹ پر چٹانوں کی تصاویر محفوظ بنانے کا پلان

لاہور(نیوز رپورٹر)دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے مین ڈیم پر تعمیراتی کام کے آغاز کے ساتھ ساتھ منصوبے کی تعمیر کے حوالے سے اپنی قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے تحت واپڈا پراجیکٹ ایریا میں ثقافتی اور تاریخی ورثہ کے تحفظ کے لئے مینجمنٹ پلان پر بھی کام شروع کر رہا ہے۔ مینجمنٹ پلان کا مقصد دیا مر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے باعث زیرِ آب آنے والی چٹانوں پر نقش کی گئی تصویروں اور تحریروں کو محفوظ بنایا جائے گا، چلاس فورٹ کی بحالی اور تزئین و آرائش کی جائے گی، میوزیم قائم کیا جائے گا اور گلگت بلتستان خصوصاًچلاس اور اِس کے ارد گرد واقع علاقوں میں ثقافتی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے مختلف اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کیلئے ثقافتی اور تاریخی ورثہ کے تحفظ کے لئے مینجمنٹ پلان ورلڈ بنک، ایشائی ترقیاتی بنک، یونیسکو اورقومی و بین الاقوامی طریقہ ہائے کار اور معیار کے مطابق عالمی سطح پر معروف ماہرین نے تیار کیا ہے۔اِن بین الاقوامی ماہرین میں ہائیڈل برگ یونیورسٹی جرمنی میں منقش چٹانوں اور تحریروں کے ادارے سے وابستہ پروفیسرڈاکٹر ہیرالڈ ہاپٹ مین بھی شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن