دانش کنیریا نے تاحیات پابندی کیخلاف پی سی بی کوخط لکھ دیا

Jun 16, 2020

ملتان(سپورٹس ڈیسک) سابق کرکٹر دانش کینریا نے تاحیات پابندی کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈ کوخط لکھ دیا ہے۔ خط میںان کی تاحیات پابندی کو معطل کرنے اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی درخواست کی گئی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دانش کنیریا نے بتایا کہ انہوں نے اپنی لیگل ٹیم کے ذریعے پی سی بی کے روبرو درخواست دائر کر دی ہے۔لیگ اسپنر نے پی سی بی سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی(آئی سی سی)اینٹی کرپشن یونٹ کے چیئرمین کو خط لکھیں۔ پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کو لکھے گئے خط میں کنیریا کی قانونی ٹیم نے لکھا ہے کہ کرکٹر کو پیشہ ورانہ اور ذاتی طور پر ناقابل تصور اور ناقابل فہم مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اس کی آمدنی کا واحد ذریعہ بہت حد تک متاثر ہوا ہے۔دانش کنیریا نے یہ خط اپنے ٹویٹر ہینڈل پر پوسٹ کیا ہے۔خط میں لکھا گیا ہے کہ پی سی بی کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ چیئرمین اے سی یو کو خط لکھ کر درخواست کریں کہ وہ اسے ڈومیسٹک کرکٹ یا اس سے متعلق کسی بھی سرگرمی کھیلنے کی اجازت دے۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ کنیریا نے کسی بھی طرح کے تمام تعلیمی، بحالی یا اس سے متعلق دیگر پروگراموں میں شمولیت کیلئے اپنی رضامندی ظاہر کی ہے۔

مزیدخبریں