بجٹ متوازن، عوام دوست، اپوزیشن کا کام صرف شور مچانا رہ گیا: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت کابینہ کا 30 واں اجلاس ہوا جس میں نئے مالی سال 2020-21 کے بجٹ کی تجاویز کی منظوری دی گئی۔ بجٹ تجاویز اتفاق رائے سے منظور کی گئیں۔ مالیاتی بل 2020 مالی سال 2019-20 کے بجٹ کے نظرثانی شدہ تخمینہ جات کی بھی منظوری دی گئی۔ جنوبی پنجاب کے ترقیاتی فنڈز کو کسی دوسرے منصوبے یا شہر کیلئے استعمال کرنے پر پابندی برقرار رہے گی۔ کابینہ نے نئے مالی سال میں بھی جنوبی پنجاب کے تینوں ڈویژن کے ترقیاتی فنڈز کورنگ فینسنگ کرنے کی منظوری دے دی۔ عثمان بزدار نے نئے مالی سال کا بجٹ مرتب کرنے پر صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ محکموں کے افسروںکی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم نے انتہائی محنت کے ساتھ بجٹ کی تیاری کا مشکل مرحلہ مکمل کیا۔ میں اپنی او رکابینہ کی جانب سے پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مشکل حالات کے باوجود عمران خان کے ویژن کے مطابق بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔ کرونا وباء کے باعث جس غیر معمولی حالات سے گزر رہے ہیں اس تناظر میں یہ انتہائی متوازن اور عوام دوست بجٹ ہے۔ بجٹ میں حقیقت پسندانہ اہداف مقرر کئے گئے ہیں اور صوبے کے عوام کی بنیادی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترجیحات کا تعین کیا گیا ہے۔ یہ بجٹ اعدادوشمار کی جادوگری نہیں بلکہ متوازن ترقی پر مبنی حقیقی دستاویزہے۔ اپوزیشن کا کام صرف شور مچانا رہ گیا ہے۔ اپوزیشن نے کرونا وباء کے دوران بھی صرف واویلا کیا اور عوام کو تنہا چھوڑے رکھا۔ بجٹ اجلاس کے دوران ارکان اسمبلی سے مسلسل رابطہ رہے گا۔ اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 29 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔عثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی ہوا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ سال غیر معمولی نوعیت کا ہے۔ کرونا جیسی وباء نے پاکستان سمیت پوری دنیا کو متاثر کیا ہے۔ پنجاب حکومت کو بھی اس مشکل صورتحال میں ہنگامی اقدامات کرنا پڑے ہیں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ کرونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور زیادہ متاثرہ علاقوں کو سیل کیا جائے گا۔ ٹڈی دل سے فصلوں کو بچانے کیلئے فوری طور پر فنڈز فراہم کئے گئے۔ آنے والے دنوں میں ٹڈی دل کے ایک اور حملے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔سرکاری سطح پر فضول خرچیوں کی پہلے اجازت دی نہ آئندہ دیں گے۔ کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔ مشکل گھڑی میں مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں اور ہمارے مشکل فیصلے صوبے اور عوام کے مفاد کیلئے ہیں۔عثمان بزدار نے شمالی چھائونی کے علاقے میں ڈور پھرنے سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صرف معطلی سے کام نہیں چلے گا۔ انسانی جان کا تحفظ بڑا فریضہ ہے۔ تحقیقات کر کے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانوی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سبزہ زار کے علاقہ میں ڈور پھرنے سے زخمی ہونے والے نوجوان کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ سردار عثمان بزدار نے پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن میں شرکت کی اور بجٹ میں صوبے میں کاروبار کیلئے آسانیاں پیدا کئے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔

ای پیپر دی نیشن