کراچی(کامرس رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل افغان ٹرانزٹ پاکستان کسٹمز محمد زاہد کھوکھر کورونا کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میںانتقال کر گئے، وہ کسٹم گروپ کے سینئر ترین افسر تھے اور12جون کو 22ویں گریڈ میں ترقی ہوئی تھی اور انہیں حال ہی میں ڈائریکٹر جنرل ٹرانزٹ ٹریڈ تعینات کیا گیا تھا۔زاہد کھوکھر کے اہلخانہ کے مطابق انہیں گزشتہ روزکراچی کے نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، انہیں کوئی اور مرض لاحق نہیں تھا جبکہ گھر کے دیگر افراد بھی کوروناوائرس سے متاثر نہیں ہیں۔اہلخانہ کے مطابق محمد زاہد کھوکھر نے 12جون کوفیس بک پر آخری پوسٹ گریڈ 22 میں ترقی اور کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاع دی تھی، پوسٹ میں انہوں نے دعائوں کی درخواست کی تھی۔ڈائریکٹر جنرل افغان ٹرانزٹ پاکستان کسٹمز محمد زاہد کھوکھر کی میت لاہور روانہ کردی گئی ہے، جہاں ان کی تدفین ماڈل ٹائون میں کی جائے گی۔پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(پی اے جے سی سی آئی)کے مرکزی رہنما زبیرموتی والااور دیگر رہنمائوں نے محمدزاہد کھوکھرکے انتقال پر گہرے دکھ اور رنجم وغم کا اظہار کیا ہے۔جوائنٹ چیمبر کے بورڈ ڈائریکٹرز نے زاہد کھوکھر کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انکے اہل خانہ کو صبر کی تلقین کی ہے۔