کورونا، پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 111 اموات 

اسلام آباد: پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے سببب ریکارڈ 111 اموات ہوئیں جس کے بعد اموات کا مجموعہ 2 ہزار 839 ہو گیا ہے۔ 

ملک بھر سے کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 443 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 921 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ 56 ہزار 390 مریض صحت یاب ہو گئے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض ہیں جہاں اب تک 55 ہزار 878 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سندھ میں 55 ہزار 581، خیبرپختونخوا میں 18 ہزار 472، بلوچستان میں 8 ہزار 327، اسلام آباد میں 8 ہزار 857، آزادکشمیر میں 663 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 143  کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات بھی پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار اکیاسی افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں853، خیبر پختونخوا میں 707، اسلام آباد میں 83، گلگت بلتستان میں 17، بلوچستان میں 85 اور آزاد کشمیر میں 13 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔'''

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 25 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 9 لاکھ 22 ہزار 665 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

معاون خصوصی برائے صحت ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان میں کورونا کیسز میں مزید اضافہ ہوگا اور اموات بھی بڑھیں گیں۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسزاوراموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔  معاون خصوصی نے کہا کہ اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز پر بھی مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے گنجان آباد علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز زیادہ ہیں۔پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی ۔لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن