اظہرعلی کی نگاہیں انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے پر مرکوز

Jun 16, 2020

لاہور(اسپورٹس رپورٹر)قومی ٹیسٹ کپتان اظہرعلی نے اپنی نگاہیں انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے پر مرکوز کرلی ہیں جن کا کہنا ہے قدرے مختلف صورتحال میں وہ گزشتہ دو ٹورز کی طرح سیریز برابر کرنے کی کوشش نہیں کریں گے۔کورونا وائرس کے دوران بائیو سیکیور ماحول سے متعلق اظہرعلی کا کہنا تھا کہ پاکستانی پلیئرز خود کو جلد ہم آہنگ کرلیں گے کیونکہ انگلینڈ میں ان کا ریکارڈ حوصلہ افزاء ہے اور انہیں شائقین کے بغیر یو اے ای میں کرکٹ کھیلنے اور ہوٹل یا گراؤنڈ تک محدود رہنے کی اچھی پریکٹس ہے جس کا دنیا کی دیگر ٹیمیں اب تجربہ کر رہی ہیں۔اظہرعلی کے مطابق بچپن کی عادتوں کو ترک کرنا آسان نہیں لیکن توقع ہے کہ کھلاڑی ایس او پی کی پابندی کریں گے جن کو حالیہ عرصے میں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے کافی کچھ معلوم ہو چکا ہے جبکہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز دیکھ کر بھی گائیڈلائنز کا اندازہ ہو جائے گا۔قومی کپتان نے اعتراف کیا کہ انگلش ٹیم کو ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز سے ایڈجسٹ ہونے کا موقع مل جائے گا جو کہ پاکستانی ٹیم کیلئے نقصان دہ بھی ہو سکتا ہے لیکن قومی کرکٹرز سیریز کیلے کافی مثبت اور کرکٹ کے میدانوں میں واپسی کیلئے پرجوش بھی ہیں جو موقع ملتے ہی خود کو ماحول سے ہم آہنگ کرلیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور کھیل سے ممکنہ دوری کے خدشات ختم ہونے کے بعد پاکستانی پلیئرز قیمتی پوائنٹس حاصل کرنے کیلئے تیار ہیں۔اظہرعلی کے مطابق طویل اسکواڈ اور ریڈ بال اسپیشلسٹ انگلینڈ لے جانے کا مقصد یہی ہے کہ طویل قیام کے دوران کوئی بھی مسئلہ ہوا تو کسی پریشانی کے بغیر فوری متبادل دستیاب ہوجائے۔

مزیدخبریں