عالمی برادری بھارتی چالاکیوں کا نوٹس لے: وزیر خارجہ

اسلام آباد:  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت سرکار کشمیر کی صورت حال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے گھناؤنے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے،عالمی برادری کو بھارتی رویے کا نوٹس لینا چاہیئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت وزارت خارجہ میں قومی سلامتی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔جس میں قومی سلامتی،علاقائی استحکام اور خطے کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنانا، عالمی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ بھارت کے مذموم ارادوں سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، سیکیورٹی کونسل اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو آگاہ کر چکے ہیں۔بھارت اپنی ہندتوا پالیسیوں کے سبب پورے خطے کے امن و امان کو داؤ پر لگا رہا ہے۔ عالمی برادری کو اس بھارتی رویے کا نوٹس لینا چاہیئے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بھارت سرکار اپنی داخلی صورت حال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے گھناؤنے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ پاکستان افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔
 

ای پیپر دی نیشن