قصور+ میانوالی (نمائندہ نوائے وقت +نامہ نگار) گھریلو حالات اور تنازعہ پر قصوراور میانوالی میں دو بہنوں اور 2 لڑکوں نے خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے مطابق قصور کے نواحی گائوں تھیحہ پنواں کے رہائشی 17 سالہ شکیل نے گھریلو ناچاقی سے دلبرداشتہ ہوکر گلے میں پھندا لے کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ادھر میانوالی کے نواحی علاقہ کالو خیل کوٹ چاندنہ میں 15 سالہ آصف نامی نوجوان نے گھریلو تنازعہ پر گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا کر خود کشی کر لی۔ علاوہ ازیں قادی ونڈ روڈامین ٹاؤن میں دو جواں سالہ بہنیں پر اسرار طور پر جاں بحق ہو گئیں۔ تھانہ صدر پولیس نے رات ایک بجے خاموشی کے ساتھ قریبی گاؤں کے قبرستان میں دفن کروا دی گئیں۔ دونوں بہنیں 11 ویں اور دوسری 10 ویں جماعت کی طالبہ تھیں جاںبحق ہونے والی لڑکیوں کی شناخت 17 سالہ سمرا اور 14 سالہ فاطمہ کے نام سے ہوئی ہے اس سلسلہ میں ایس ایچ او تھانہ صدر رشید احمد نے کہا کہ ورثاء کی جانب بیان حلفی جمع کرانے پر قانونی کارروائی نہیں کی گئی تاہم اہل محلہ کے مطابق بچیوں کے چاچا نے تشدد کا نشانہ بنایا تھاجس پر دونوں بہنوں نے دل برداشتہ ہو کر خود کشیاں کرلیں، بچیوں کا والد آصف دس سال سے عرب ممالک میں مقیم ہیں۔ موت کے بعد چاچا گھرسے غائب ہو گیا لڑکیوں کی والدہ چارپائی پر بے ہوش ہونے کی وجہ بات چیت نہیں ہوسکتی۔