اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے)پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سینیٹر سیف اللہ خان نیازی نے پاکستان تحریک انصاف شعبہ مذہی امور کی ریجنل گورننگ باڈیز کے اراکین سے ان کے عہدوں کا حلف لیا اور اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور ہزارہ ریجن سے نومنتخب ذمہ داران کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف شعبہ مذہی امور کی تقریب حلف برداری مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد کی گئی جس سے چیف آرگنائزر سینیٹر سیف اللہ خان نیازی نے بطور مہمان خصوصی خطاب کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف شعبہ مذہبی امور کے مرکزی صدر سید محمد حبیب عرفانی اور مرکزی جوائنٹ سیکرٹری مصدق محمود گھمن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ تقریب سے اپنے خطاب میں چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کا کہنا تھا کہ علما و مشائخ ہمارے سماج کا اہم ترین جزو ہیں جو عوام کی اخلاقی و روحانی تربیت کا بیڑہ اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست کی صورت میں ڈھالنے کی تحریک میں ہمارے علما و مشائخ سمیت تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے نہایت متحرک کردار ادا کیا۔ اپنے خطاب میں حلف اٹھانے والے ذمہ داران کو انتخاب پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سینیٹر سیف اللہ خان نیازی نے ان کیلئے نیک تمناں اور خواہشات کا اظہار کیا۔
پی ٹی آئی مذہبی امور کی ریجنل گورننگ باڈیز کے اراکین نے حلف اٹھا لیا
Jun 16, 2021