مچھلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے فش فارمرز کو سہولیات دینا ہونگی ، صمصام بخاری

Jun 16, 2021

راولپنڈی ( اپنے سٹاف رپورٹر) پنجاب کے وزیر جنگلی حیات و ماہی پروری سید صمصام علی شاہ بخاری نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی سربراہی میں صوبے میں ماہی پروری کے سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے متعدد منصوبوں پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے ۔انہوں نے یہ بات فش ہیچری راولپنڈی کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ ڈائریکٹر جنرل فشریز پنجاب ڈاکٹر سکندر حیات بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ سید صمصام علی شاہ بخاری نے کہا کہ مچھلی کی پیداوار میں فش فارمرز کو سہولیات کی فراہمی بہت ضروری ہے ۔ اس مقصد کیلئے کئی منصوبوں پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے اور سال 2021-22 ء کے سالانہ بجٹ میں بھی خطیر رقم مختص کی گئی ہے ۔ صوبائی وزیر جنگلی حیات و ماہی پروری نے کہاکہ صوبے میں فش فارمنگ کو فروغ دینے کیلئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جارہی ہے اور فش فارمنگ میں دلچسپی رکھنے والے فارمرز کو  فش فارم قائم کرکے ملک میں پروٹین کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے اور وائٹ میٹ کی پیداوار سے منافع بخش کاروبار شروع کرنے کیلئے نہ صرف ترغیبات دی جارہی ہیں بلکہ انہیں جدید تربیتی سہولیات بھی مہیا کی گئی ہیں ۔ اس دورہ کے دوران ڈائریکٹر جنرل فشریز پنجاب ڈاکٹر سکندر حیات نے صوبائی وزیر کو محکمہ ماہی پروری کے راولپنڈی ڈویژن میں ہونے والی سرگرمیوں اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ 

مزیدخبریں