ریلوے کی ایک انچ زمین بھی فروخت کرنے کی اجازت نہیں دینگے: سپریم کورٹ

Jun 16, 2021

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ نے ریلوے کی زمینوں پر قبضے سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ریلوے کے انفراسٹرکچر اور مجموعی کارکردگی کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ تحریری حکم نامہ میں  ریلوے کی زمینوں کی فروخت کے مبینہ منصوبے پر تشویش کا اظہار کیا۔ تحریری حکم نامے کے مطابق بتایا گیا ہے وفاقی حکومت سندھ میں ریلوے کی زمینوں کی فروخت کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ اس حوالے سے گورنر ہاؤس کراچی میں میٹنگ بھی ہوئی ہے۔ وفاقی حکومت ایک طرف ریلوے اراضی واگزار کرانے کی درخواستیں دائر کررہی ہے تو دوسری طرف ریلوے اراضی فروخت کے منصوبے بن رہے ہیں۔ ریلوے کی ایک انچ زمین بھی فروخت کی اجازت نہیں دیں گے۔ سپریم کورٹ نے ریلوے اراضی کی لیز، ٹرانسفر اور الاٹمنٹ پر بھی پابندی عائد کردی۔ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو گھوٹکی واقعہ کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ریلوے کے معاملات غیر پیشہ ورانہ لوگوں کے ہاتھ میں ہیں۔ ریلوے کی بد ترین کارکردگی سے مسافروں کی جان کو بھی خطرہ ہے۔ سپریم کورٹ نے وزیر ریلوے کے بیان پر بھی اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھوٹکی حادثے کے بعد ایسا بیان عوام کے ساتھ مذاق ہے۔

مزیدخبریں