جدہ (نوائے وقت رپورٹ) سعودی عرب کے لیے چین کے سفارتکار چن ویکنگ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں چین کے پہلے نمائندے تعینات ہو گئے ہیں۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل یوسف بن احمد العثیمین نے چینی نمائندہ کی تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کرونا وائرس کی وبا کے دوران اسلامی ممالک خاص طور پر غریب ممالک کی مدد اور تعاون کرنے پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے زور دیا کہ او آئی سی چین کے ساتھ تعلقات کو فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وبا کے دوران اس مشکل وقت میں اسلامی ممالک خاص طور پر غریب ممالک کی مدد کرنے پر چین کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔ اس موقع پر سعودی عرب کے لیے چین کے سفارتکار چن ویکنگ نے کہا کہ حالیہ سالوں میں چین اور اسلامی ممالک کے مابین باہمی سیاسی تعاون اور ثقافتی تبادلے مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسلامی تعاون تنظیم کے لیے چین کے پہلے نمائندہ کی حیثیت سے او آئی سی اور اس کے ممبران کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے اور او آئی سی کے تعلقات کو ایک نئی سطح پر پہنچانے کے لیے کام کرنے کی خواہش کو عملی جامہ پہنائیں گے۔
او آئی سی میں چن ویکنگ چین کے پہلے نمائندے تعینات
Jun 16, 2021