راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)راولپنڈی شہر کو یومیہ 14 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہے خانپور ڈیم ، راول ڈیم اور 460 ٹیوب ویلوں سے ملنے والا پانی بھی ناکافی ہے یہ بات واسا کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے وائس چیئرمین واساہارون کمال ہاشمی کی زیر صدارت منعقدہ میٹنگ میں بتائی گئی جس میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا راجہ شوکت محمود ، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر محمد سلیم اشرف ، ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر واسا نے شرکت کی اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا راجہ شوکت محمود نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واسا اپنے صارفین کو تین ذرائع سے پانی فراہم کررہاہے جس میں راول ڈیم ، خانپور ڈیم اور 460 ٹیوب ویل شامل ہیں ان ذرائع سے یومیہ 54 ملین گیلن فراہم کیا جارہاہے جبکہ شہر کو 68 ملین گیلن یومیہ پانی کی ضرورت ہے جس کی وجہ سے 14 ملین گیلن یومیہ پانی کی کمی کا سامناہے اس کمی کو پورا کرنے کیلئے مختلف منصوبوں کام جاری ہے جن کی تکمیل سے پانی کی کمی پر قابو پایا جاسکے گا ان منصوبوں میں غازی بروتھا ، ددوچھہ ڈیم ، چہان ڈیم سے پانی کی فراہمی شامل ہے اس کے ساتھ ساتھ کہکشاں واٹر سپلائی سکیم پر کام تیزی سے جاری ہے اور اس سکیم کے تحت 9 عدد ٹیوب ویل دریائے سواںکے کنارے پر لگائے جارہے ہیں اور یہ سکیم مالی سال 2021-22 میں مکمل کر لی جائے گی جس سے PP-13 کے بیشتر علاقے مستفید ہوں گے جبکہ چہان ڈیم منصوبے کیلئے زمین کی خریداری کیلئے فنڈز LAC آر ڈی اے کو فراہم کردیے گئے اور مالی سال 2021-22 کیلئے 841 ملین روپے مختص کیے گئے ۔