باجماعت نماز اداکرنے والے خوش نصیب ہیں، مولانا امین 

کراچی ( نیوز رپورٹر)  دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن و نگران کراچی ریجن مولانا محمد امین عطاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسلمان مردوں کو چاہئے کہ وہ اکیلے گھر میں نماز پڑھنے کی بجائے مسجد میں باجماعت نمازپنجگانہ ادا کریں تاکہ انہیں بھی دین کی برکتیں ملیں،ہر مسلمان عاقل وبالغ پر پانچ وقت کی نماز فرض ہے،بہت خوش نصیب ہیںوہ لوگ جو باجماعت نماز ادا کرتے ہیں،جس نے فجر کی نماز باجماعت ادا کی پھرسورج نکلنے تک بیٹھ کر اللہ پاک کا ذکر کرتا رہا تو اس کیلئے جنت الفردوس میں ستر درجے ہونگے ہر دو درجوں کے درمیان ستر سال کی مسافت کا فاصلہ ہوگا،جس نے ظہر کی نماز باجماعت ادا کی تو اس کیلئے جنت کے وسط میں پچاس درجہ ہونگے،ہر دو درجوں کے درمیان ستر سال مسافت کا فاصلہ ہوگا،جس نے عصر کی نماز باجماعت ادا کی اس کیلئے اولاد اسماعیل علیہ السلام میں سے ایسے آٹھ غلام آزاد کرنے کا ثواب ہوگا،جو کعبہ شریف کی دیکھ بھال کرنے والے ہوں،جس نے مغرب کی نماز باجماعت ادا کی اس کیلئے حج مقبول اور مقبول عمرہ کا ثواب ہوگا اور جس نے نماز عشاء  باجماعت ادا کی اس کیلئے شب قدر میں عبادت کرنے کا ثواب ہوگا، یہ وہ عظیم الشان ثواب ہے جو ہم حاصل کرسکتے ہیں۔مولانا محمدامین عطاری نے مزید کہا کہ لوگوں کی بڑی تعداد نماز نہیں پڑھتی یہ بد قسمتی ہے کہ مسلمانوں کی بڑی تعداد نماز نہیں پڑھتی اور جو نماز پڑھتے ہیں تو وہ بعض اوقات نماز باجماعت کا اہتمام نہیں کرتے،اللہ پاک باجماعت نماز پڑھنے والے کو محبوب رکھتا ہے،نماز باجماعت کی عادت کوشش سے بنتی ہے،بعض اوقات ہم سفر کرتے ہیں اور سفر کے دوران ہمیں راستہ میں مساجد بھی ملتی ہیں،اگر باجماعت نماز ادا کرنے کا اہتمام ہوجائے تو اس کی بہت پیاری برکتیں ہیں،جو بندہ باجماعت نماز ادا کرے،پھر اپنی حاجت کا سوال اللہ پاک سے کرے تو اللہ پاک اس بات سے حیا فرماتا ہے کہ وہ بندہ اپنی حاجت پوری ہونے سے پہلے واپس لوٹ جائے۔مسجد کی اصل رونق نمازیں ہیں،باجماعت نماز تنہا پڑھنے سے ستائیس درجہ زیادہ ثواب ملتا ہے،اگر دنیا کا فائدہ ہوتو دوسرے شہر میں جاکر تجارت کی جاتی ہے،دنیا کا فائدہ حاصل کرنے کیلئے ہم دور دراز کا سفر کرنے کو تیار ہوجاتے ہیں مگر گھر سے چند قدم فاصلے پر مسجد میں باجماعت نماز پڑھ کر ایک نماز پر ستائیس نماز وں کا ثواب پانے میں ہم سستی کرتے ہیں،اگر گھر کے افراد نماز نہیں پڑھتے تواس کا اہتمام کرنا چاہئے،اپنے بچوں اور اپنے گھر والوں کو نماز کا عادی بنائیں۔

ای پیپر دی نیشن