تعلیمی اداروں کے بچوں اوراساتذہ کو ترجیحی بنیادوں پر کوروناویکسینیشن لگائی جارہی ہے۔صوبائی وزیرصحت

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدکی زیر صدارت محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرمیں اجلاس منعقد ہوا،جس میں سیکرٹری صحت سارہ اسلم،ڈائریکٹر پی ایس پی یوڈاکٹرشگفتہ ودیگرافسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران سکول ہیلتھ نیوٹریشن پروگرام کے تحت اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر پی ایس پی یو ڈاکٹرشگفتہ نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو سکول ہیلتھ نیوٹریشن پروگرام کے تحت اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران پنجاب کے تعلیمی اداروں میں معصوم بچوں کی سکریننگ کے اعدادوشمار کی مفصل رپورٹ کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ صوبہ بھرمیں ابھی تک پہلے مرحلہ میں تعلیمی اداروں کے10لاکھ سے زائدبچوں کی سکریننگ کی جاچکی ہے۔سکریننگ کے دوران تعلیمی اداروں کے بچوں کی آنکھوں،دانتوں،کان،گلہ،ناک،جلداور بالوں کا معائنہ کیاگیا۔کمزوربینائی کے حامل بچوں کو مفت عینکیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ سکول ہیلتھ نیوٹریشن پروگرام شروع کرنے کا مقصد تعلیمی اداروں کے بچوں کو مختلف بیماریوں سے بچاناہے۔آج کے بچو ں کو صحت مندبناکرہی پاکستان کا مستقبل محفوظ بنایاجاسکتاہے۔تعلیمی اداروں کے بچوں کی سکریننگ کا عمل جاری رہے گا۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ پنجاب کے تعلیمی اداروں کے بچوں اوراساتذہ کو ترجیحی بنیادوں پر کوروناویکسینیشن لگائی جارہی ہے۔تعلیمی اداروں کے بچوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ بناناانتہائی اہم ہے۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرسارہ اسلم نے کہاکہ سکول ہیلتھ نیوٹریشن پروگرام کو کامیاب بنائیں گے۔پنجاب کے تعلیمی اداروں کے بچوں کی سکریننگ پروگرام کو خودمانیٹر کررہے ہیں۔سارہ اسلم نے کہاکہ تمام سی ای اوزسکول ہیلتھ نیوٹریشن پروگرام کوکامیاب بنانے کیلئے پی ایس پی یوکے ساتھ مکمل تعاون کریں .

ای پیپر دی نیشن